.

پاکستان سے بیرون ملک منشیات کی اسمگلنگ کی کوشش ناکام

کارروائی بحرہند میں دبئی پولیس کی مدد سے کی گئی

پہلی اشاعت: آخری اپ ڈیٹ:

دبئی پولیس نے سمندری راستے سے پاکستان سے مبینہ طور پراسمگل کی جانے والی منشیات کی بھاری مقدار قبضے میں لے کراسمگلنگ کی کوشش ناکام بناد ی ہے۔ یہ کارروائی بحر ہند میں سمندری نقل وحرکت پر نظر رکھنے والی بین الاقوامی سیکیورٹی فورسز عالمی محکمہ انسداد منشیات کے حکام اور دبئی پولیس کے اشتراک سےکی گئی، جس میں "ایمفیٹا مائن" نامی منشیاتی مرکب کی 500 کلو گرام جبکہ خشیش کی 350 کلو گرام مقدار قبضے میں لی گئی۔

العربیہ ڈاٹ نیٹ کے مطابق دبئی کے ڈپٹی پولیس چیف میجر جنرل خمیس مطر المزینہ نے میڈیا کو بتایا کہ انہیں خفیہ ذرائع سے اطلاع ملی تھی کہ پاکستان کی ایک بندرگاہ سے ماہی گیروں کی ایک کشتی صومالیہ کے ساحل سے 360 کلومیٹر کے فاصلے پر بحر ہند میں افریقی ملک جیبوتی کی طرف رواں دواں ہے۔ جس میں مبینہ طور پر منشیات موجود ہیں۔

انہوں نے بتایا کہ پولیس کی کارروائی سے قبل پاکستان سے آنے والی کشتی نے منشیات پرمشتمل کنٹینر ایک دوسری کشتی پر لاد دیا تاہم اسی دوران پولیس نے کارروائی کرکے منشیات کی اسمگلنگ کی کوشش ناکام بنا دی۔ پولیس نے دس افراد کو حراست میں لے لیا ہے جو تمام ایشیائی باشندے بتائے جاتے ہیں۔

دبئی پولیس کےعہدیدار نے بتایا کہ "آپریشن کے دوران قبضے میں لی گئی "امفیٹا مائن" کی مالیت پانچ ملین درہم سے زیادہ بتائی جا رہی ہے۔ تفتیش سے معلوم ہوا ہے کہ یہ منشیات عرب اور افریقی ملکوں کے علاوہ یورپ تک پہنچائی جانی تھی۔