.

ابوظہبی: ٹریفک ضابطے توڑنے والوں کے خلاف فضائی آپریشن

خلاف ورزی کرنے والوں کی جدید ٹیکنالوجی کے ذریعے نشاندہی

پہلی اشاعت: آخری اپ ڈیٹ:

متحدہ عرب امارات کے دارالحکومت ابو ظہبی کی پولیس نے ٹریفک قوانین کی خلاف ورزی کرنے والے عناصر کے خلاف اہم شاہراؤں پر فضائی اور زمینی آپریشن شروع کیا ہے۔ وسیع پیمانے پر جاری اس آپریشن میں خفیہ کیمروں اور دیگر جدید ترین آلات کی مدد لی جا رہی ہے۔

آپریشن کے انچارج پولیس آفیسر میجرمحسن المنھالی نے "العربیہ" ٹی وی کوبتایا کہ خفیہ کیمروں کی مدد سے ٹریفک قوانین کی خلاف ورزیوں کے واقعات میں اضافہ دیکھا جا رہا تھا، جس کے بعد اسے کنٹرول کرنے کے لیے بڑی شاہراؤں کی فضائی نگرانی کا فیصلہ کیا گیا ہے۔ اب یہ نگرانی دن رات جاری رہے گی۔ اس دوران جدید ترین آلات کی مدد سے ٹریفک قوانین خلاف ورزی کرنے والوں کی نشاندہی کرکے انہیں پکڑنے کے بعد قرار واقعی سزائیں دی جائیں گی۔

ایک سوال کے جواب میں میجرمحسن نے کہا کہ ٹریفک قوانین کی خلاف ورزیاں کئی طرح کی جاتی ہیں۔ حد رفتار سے زیادہ گاڑی چلانا، خطرناک مقامات میں اورٹیک کرنا، اشارہ دیے بغیراگلی گاڑی کو کراس کرنا اور بلا وجہ اورمسلسل اپنی لین تبدیل کرنا جیسے امور شامل ہیں۔انہوں نے بتایا کہ ایک خفیہ کیمرے کے ذریعے ٹریفک قانون کی خلاف وزری کرنے والے شخص کی نشاندہی کی گئی، جس کے بعد کیس کو پولیس کنٹرول روم کو بھجوادیا گیا۔ اسی گاڑی کے بارے میں فضاء میں نگرانی پر مامور پولیس ہیلی کاپٹر میں نصب کیمرے نے بھی نشاندہی کی۔ اس سے اندازہ ہوا ہے کہ ٹریفک کی فضائی نگرانی بھی نہایت موثر ثابت ہو رہی ہے۔

میجرحسن نے بتایا فضائی نگرانی کرتے ہوئے بھی جدید ترین کیمروں کی مدد لی جا رہی ہے۔ پولیس کے پاس رات کی تاریکی میں ٹریفک کی خلاف ورزی کرنے والے عناصر کی نشاندہی کرنے والے کیمرے بھی موجود ہیں۔ ہیلی کاپٹر کے پائلٹ کیپٹن سالم السویدی نے بتایا کہ وہ فضائی نگرانی کے دوران "تھرمل تصویری کیمرے" استعمال کرتے ہیں۔ یہ کیمرے ان واقعات کی بھی نشاندہی کرنے کی صلاحیت رکھتے ہیں جنہیں زمینی آپریشن کے دوران نہیں دیکھا جا سکتا۔

خیال رہے کہ متحدہ عرب امارات میں ٹریفک کنٹرول ہمیشہ ہی ایک مسئلہ رہا ہے۔ حال ہی میں سامنے آنے والی ایک رپورٹ میں بتایا گیا تھا کہ یو اے ای میں 70 فی صد افراد ٹریفک قوانین کی خلاف ورزی کے باعث حادثات کا شکار ہوتے ہیں۔