.

جنیوا دوم امن کانفرنس 23-24 نومبر کو ہوگی: قدری جمیل

شامی قومی کونسل کا مجوزہ جنیوا امن مذاکرات میں شرکت نہ کرنے کا اعلان

پہلی اشاعت: آخری اپ ڈیٹ:

شام کے نائب وزیر اعظم قدری جمیل نے کہا ہے کہ جنیوا میں دوسری مجوزہ امن کانفرنس 23 اور 24 نومبر کو ہوگی۔

انھوں نے ماسکو میں ایک نیوز کانفرنس کے دوران اس مجوزہ امن بات چیت کی تاریخوں کا اعلان کیا ہے۔ ان سے مجوزہ کانفرنس کی تاریخوں کے انعقاد کے بارے میں سوال کیا گیا تھا کہ کیا یہ نومبر کے وسط کے بجائے نومبر کے آخر یا دسمبر میں ہوگی۔

روس اور امریکا شام میں جاری بحران کے خاتمے کے لیے مئی سے اب تک اس کانفرنس کے انعقاد کے لیے کوشاں ہیں۔اسی ہفتے کے آغاز میں شامی قومی اتحاد میں شامل سب سے بڑے گروپ شامی قومی کونسل (ایس این سی) نے اس مجوزہ جنیوا دوم کانفرنس میں شرکت نہ کرنے کا اعلان کیا ہے۔

کونسل کے صدر جارج صبرا نے ایک بیان میں کہا ہے کہ ''شامی قومی کونسل نے بر سر زمین موجودہ حالات کے پیش نظر جنیوا نہ جانے کا فیصلہ کیا ہے۔ اس کا یہ مطلب ہے کہ اگرشامی قومی اتحاد جنیوا میں امن بات چیت میں شرکت کرتا ہے تو ہم اس میں شامل نہیں رہیں گے''۔

انھوں نے ایک مرتبہ پھر واضح کیا ہے کہ ''اگر شام میں برسرزمین عوام مصائب کا شکار رہتے ہیں تو ایس این سی اسد رجیم کے خاتمے سے قبل مذاکرات کا حصہ نہیں بنے گی''۔