.

مصر: اسماعیلیہ میں آرمی انٹیلی جنس کی عمارت میں کار بم دھماکا

5 افراد زخمی، دھماکے سے عمارت کی بیرونی دیوار تباہ، متعدد کاروں کو آگ لگ گئی

پہلی اشاعت: آخری اپ ڈیٹ:

مصر کے دارالحکومت قاہرہ سے شمال مشرق میں واقع شہر اسماعیلیہ میں آرمی انٹیلی جنس کی عمارت میں کار بم دھماکا ہوا ہے جس کے نتیجے میں پانچ افراد زخمی ہوگئے ہیں۔

سکیورٹی ذرائع کے مطابق ہفتے کے روز نہر سویز کے کنارے واقع شہر میں بم دھماکے سے آرمی انٹیلی جنس کی عمارت کی ایک بیرونی دیوار تباہ ہو گئی ہے اور وہاں کھڑی متعدد کاروں کو آگ لگ گئی۔ مصر کے سرکاری ٹی وی نے واقعے کی براہ راست فوٹیج نشر کی ہے جس میں عمارت کے اندر سے دھویں کے بادل بلند ہوتے دیکھے جا سکتے ہیں۔

میڈیا رپورٹس کے مطابق مصری سکیورٹی فورسز نے بم دھماکے کے الزام میں تین مشتبہ افراد کو گرفتار کرلیا ہے۔ سکیورٹی حکام نے العربیہ کو بتایا کہ علاقے سے بارود سے بھری ایک اور کار پکڑی گئی ہے لیکن ماہرین نے اس میں نصب بم کو ناکارہ بنا دیا۔

بعض عینی شاہدین نے بتایا کہ انھوں نے دھماکے کے وقت فائرنگ کی آوازیں بھی سنی ہیں۔مصری فوج کے ترجمان کرنل احمد علی نے ایک بیان میں کہا ہے کہ یہ انتہا پسند عناصر کی مصری عوام اور فوجی تنصیبات کے خلاف بزدلانہ دہشت گردی کی تازہ کارروائی ہے۔

واضح رہے کہ جولائی میں مصر کے منتخب جمہوری صدر ڈاکٹر محمد مرسی کی مسلح افواج کے سربراہ جنرل عبدالفتاح السیسی کے ہاتھوں برطرفی کے بعد سے اسماعیلیہ اور دوسرے علاقوں میں انتہاپسند عناصر سکیورٹی فورسز پر متعدد حملے کرچکے ہیں اور ان حملوں میں ایک سو سے زیادہ پولیس اہلکار مارے جا چکے ہیں۔