.

مصر:سیناء میں حملے میں ایک فوجی ہلاک ،72 مشتبہ افراد گرفتار

سکیورٹی فورسز کا رفح اور اس کے آس پاس مشتبہ افراد کے خلاف کریک ڈاؤن

پہلی اشاعت: آخری اپ ڈیٹ:

مصر کے اسرائیل اور غزہ کی پٹی کے ساتھ واقع علاقے جزیرہ نما سیناء میں جنگجوؤں نے ایک فوجی کو فائرنگ کرکے ہلاک کردیا ہے جبکہ سکیورٹی فورسز نے علاقے میں گذشتہ روز ایک بم حملے کے الزام میں کارروائی کے دوران 72 مشتبہ افراد کو گرفتار کر لیا ہے۔

ایک سکیورٹی عہدے دار نے بتایا ہے کہ فوجی سیناء کے وسطی علاقے تمادہ میں ہلاک ہوا ہے اور مسلح افراد نے اس کے سر میں گولی ماری ہے۔

درایں اثناء سکیورٹی فورسز نے علاقے میں گذشتہ روز ایک سکیورٹی قافلے پر بم حملے کے الزام میں سرحدی قصبے رفح سے کریک ڈاؤن کے دوران بہتر مشتبہ افراد کو گرفتار کر لیا ہے۔اس بم دھماکے میں ایک شہری سمیت دو افراد ہلاک اور پانچ زخمی ہوگئے تھے۔سکیورٹی فورسز کے قافلے پر رفح سے شمالی سیناء کے صوبائی دارالحکومت العریش کے لیے سفر کے دوران حملہ کیا گیا تھا۔

واضح رہے کہ 3 جولائی کو منتخب صدر محمد مرسی کی برطرفی کے بعد سے مصری سکیورٹی فورسز کی بھاری نفری کو شورش زدہ شمالی سیناء میں مسلح جنگجوؤں کی سرگرمیوں کو کچلنے کے لیے تعینات کیا گیا ہے۔سیناء میں جنگجو مصری سکیورٹی فورسز پر آئے دن حملے کرتے رہتے ہیں اور ان حملوں میں اب تک بیسیوں فوجی اور پولیس اہلکار ہلاک ہوچکے ہیں۔