اسرائیل کے لیے جاسوسی کے جرم میں اردنی کو قید اور کوڑوں کی سزا

ملزم کے اسرائیلی وزیراعظم سے رابطوں کے ثبوت

پہلی اشاعت: آخری اپ ڈیٹ:
مطالعہ موڈ چلائیں
100% Font Size
3 منٹس read

سعودی عرب کی ایک عدالت نے اُردن سے تعلق رکھنے والے ایک شخص کو اسرائیل کے لیے جاسوسی کے جرم میں نوسال قید اورایک ہی وقت میں 80 کوڑوں کی سزا کا حکم دیا ہے۔

العربیہ ڈاٹ نیٹ کے مطابق ملزم کا کئی ماہ سے عدالتی ٹرائل جاری تھا۔ عدالتی تحقیقات کے دوران ملزم نے مبینہ طور پراعتراف کیا کہ اس کے اسرائیلی وزیراعظم کے ساتھ روابط رہے ہیں اورسعودی عرب سے متعلق اہم راز فراہم کرکے صہیونی انٹیلی جنس اداروں سے رقوم وصول کرتا رہا ہے۔ سعودی پولیس کے مطابق ملزم کے قبضے سے بڑی مقدارمیں غیرملکی کرنسی بھی ملی ہے۔ اس کے علاوہ اس نےسعودی عرب کی حساس تنصیبات کے بارے میں معلومات بھی جمع کر رکھی تھیں۔

سعودی عدالت نے جاسوسی کے ملزم کی شناخت ظاہرکرتے ہوئے بتایا ہے کہ اس کا تعلق اردن سے ہے اوراسے تین سال قبل ریاض سے حراست میں لیا گیا تھا۔ بدھ کے روزملزم کوعدالت میں پیش کیے جانے کے دوران اس کے اسرائیلی وزیراعظم بنجمن نیتن یاھو اور اسرائیلی خفیہ اداروں سے روابط کے ثبوت بھی عدالت کے روبرو پیش کیے گئے۔

ملزم کے خلاف ثبوت اس کی ای میل سے ملے ہیں۔ اس نے سعودی عرب کی اہم تنصیبات کی تصاویر اور ان کے بارے میں اہم معلومات بھی اسرائیلی انٹیلی جنس اداروں کو بھیجی تھیں۔ ای میل سے ملنے والی تفصیلات کے مطابق اردنی جاسوس نے صہیونی انٹیلی جنس اداروں سے تعاون کا یقین دلاتے ہوئے ان سے ملنے کی بھی خواہش کا اظہار کیا تھا۔ اس کے بدلے میں اسے اسرائیلی جاسوس اداروں کی جانب سے رقوم فراہم کی گئی تھیں۔

ملزم پراسرائیل کے لیے جاسوسی کے الزامات کے علاوہ، سعودی اقامہ کا غیر قانونی استعمال، منشیات کا دھندہ کرنے اور ایک غیر ملکی خاتون کے ساتھ ناجائز تعلقات قائم کرنے کے بھی الزامات ہیں۔

بدھ کے روز سعودی عرب کی عدالت کے تفصیلی فیصلے میں کہا گیا کہ ملزم کو جاسوسی کے جرم میں پانچ سال اور سعودی عرب کے اقامہ کا غلط استعمال کرنے جیسے جرائم پر چار سال قید بامشقت کی سزا کا حکم دیا گیا ہے جبکہ کوڑوں کی سزا اسے منشیات کے استعمال اور اس کے کاروبار کی جرم میں دی گئی ہے۔ عدالت نے ملزم کو ایک ہی وقت میں اَسی کوڑے مارنے کا حکم دیا ہے۔ سزا میں قید کی مدت پوری ہونے کے بعد ملزم کی ملک بدری بھی شامل ہے۔

مقبول خبریں اہم خبریں

مقبول خبریں