.

شامی حزب اختلاف کے بغیر امن مذاکرات نہیں ہوں گے:براہیمی

شام میں گذشتہ 32 ماہ سے جاری خانہ جنگی کا کوئی فوجی حل نہیں ہے

پہلی اشاعت: آخری اپ ڈیٹ:

اقوام متحدہ اور عرب لیگ کے خصوصی ایلچی لخضرالابراہیمی نے ایک مرتبہ پھر اپنے اس مؤقف کا اعادہ کیا ہے کہ شامی حزب اختلاف کی شرکت کے بغیر جنیوا میں مجوزہ امن مذاکرات نہیں ہوں گے۔

انھوں نے یہ بات جمعہ کو شام کے دارالحکومت دمشق میں نیوزکانفرنس سے خطاب کرتے ہوئے کہی ہے۔انھوں نے کہا کہ ''اگراپوزیشن شرکت نہیں کرتی ہے تو جنیوا کانفرنس نہیں ہوگی۔اس میں اپوزیشن کی شرکت ضروری، ناگزیر اور اہم ہے''۔

عالمی ایلچی نے کہا کہ جنیوا دوم کانفرنس کا مقصد شامیوں کی مدد کرنا اور ان کے مسائل حل کرنا ہے۔انھوں نے بتایا کہ شامی حکومت تو کانفرنس میں شرکت کرے گی لیکن حزب اختلاف کی جانب سے کانفرنس میں شرکت کے لیے ابھی تک کوئی یقین دہانی نہیں کرائی گئی ہے۔

انھوں نے بتایا کہ ''حزب اختلاف خواہ وہ قومی اتحاد ہو یا کوئی اور کانفرنس میں نمائندگی کے لیے طریقے ڈھونڈ رہے ہیں''۔ان کا اشارہ شامی حزب اختلاف کے بڑے قومی اتحاد کی جانب تھا لیکن وہ بشارالاسد کی رخصتی کے بغیر مذاکرات میں شرکت نہ کرنے کا اعلان کرچکا ہے۔

لخضرالابراہیمی نے کہا کہ''جنیوا اول (کانفرنس) میں جن باتوں پر اتفاق کیا گیا تھا،ان کو پورا کیا جانا چاہیے،اس کے بعد ہی دوسرے مرحلے کی امن بات چیت میں شرکت کے لیے ہم جاسکتے ہیں''۔جنیوا اول میں یہ کہا گیا تھا شام میں ایک عبوری حکومت قائم کی جانی چاہیے۔

عالمی ایلچی نے دوسرے ممالک پر زوردیا کہ وہ شامی تنازعے کے دونوں فریقوں میں سے کسی ایک کو مسلح نہ کریں۔انھوں نے یہ بات زوردے کر کہی کہ شام میں گذشتہ بتیس ماہ سے جاری خانہ جنگی کا کوئی فوجی حل نہیں ہے۔

ان کا کہنا تھا کہ ''شام سے متعلق جنیوا دوم امن کانفرنس کے انعقاد کے لیے ہر کہیں سنجیدہ کوششیں کی جارہی ہیں لیکن ہم یہ کہتے ہیں کہ یہ جب ہوگی تب ہوگی''۔واضح رہے کہ جنیوا دوم امن کانفرنس کے لیے ابھی کوئی تاریخ مقرر نہیں کی گئی ہے۔

لخضرالابراہیمی گذشتہ تین روز سے دمشق میں تھے۔وہ آج واپس بیروت جارہے ہیں۔وہ جنیوا میں شام سے متعلق دوسری امن کانفرنس کے انعقاد کے لیے راہ ہموار کرنے کی غرض سے مشرق وسطیٰ کے خطے کے ملکوں کے دورے پر ہیں۔اس سے پہلے وہ مصر ،ایران اور عراق کا دورہ کرچکے ہیں۔انھوں نے بتایا کہ وہ اس دورے کے بعد جنیوا میں امریکی اور روسی سفیروں سے ملاقات کریں گے۔