.

رفح شہر میں مصری انٹیلی جنس کے ہیڈکواٹر پر مسلح افراد کا حملہ

جنوبی رفح سے تین جنگجو گرفتار کرنے کا دعوی

پہلی اشاعت: آخری اپ ڈیٹ:

فلسطینی شہرغزہ کی پٹی سے متصل مصر کے سرحدی شہر رفح میں قائم مصری انٹیلی جنس کے ریجنل ہیڈکواٹر پر نامعلوم مسلح افراد نے حملہ کیا ہے تاہم سیکیورٹی فورسز کی جوابی کارروائی کے بعد حملہ آور بہ حفاظت فرار ہونے میں کامیاب ہو گئے۔ حملے میں کسی قسم کے جانی نقصان کی تصدیق نہیں ہوسکی ہے۔

العربیہ ڈاٹ نیٹ کے مطابق مصر کے سیکیورٹی ذرائع کا کہنا ہے کہ حملہ آوروں اور بارڈر پولیس کے درمیان تقریبا دس منٹ تک فائرنگ کا تبادلہ بھی جاری رہا۔ فائرنگ کے باعث شہر میں مواصلاتی رابطے منقطع کر دیے گئے تھے تا کہ حملہ آوروں کی جانب سے کسی قسم کی کارروائی کو ناکام بنایا جا سکے۔ حملے کے بعد علاقے میں ہنگامی حالت نافذ کردی گئی تھی اور کسی بھی مشکوک شخص اورگاڑی کو انٹیلی جنس ہیڈ کواٹر کے قریب نہیں آنے دیا گیا۔

درایں اثناء مصری سیکیورٹی فورسز نے سیناء کے شمال میں ایک علاحدہ کارروائی میں تین مبینہ جہادیوں کو حراست میں لینے کا دعویٰ کیا ہے۔ یہ کارروائی شمالی سینا اور جنوبی رفح کے درمیان اس وقت کی گئی جب سیکیورٹی فورسز معمول کے گشت میں مصروف تھی کی ایک فوجی گاڑی پر فائرنگ کی گئی۔ سیکیورٹی فورسز نے فوری کارروائی کر کے تین مشتبہ جنگجوؤں کو حراست میں لے لیا گیا ہے جبکہ ان کے کئی ساتھی فرار میں کامیاب ہو گئے۔ مسلح افراد کے قبضے سے تھائی لینڈ کی تیار کردہ گاڑی بھی قبضے میں لے لی ہے۔