.

موبائل سے مستغنی گاہکوں کو ریستوران میں کھانے پر خصوصی رعایت

لبنانی ہوٹل کی منفرد پیشکش کا مقصد صارفین کو اطمینان بخش ماحول فراہم کرنا ہے

پہلی اشاعت: آخری اپ ڈیٹ:

اسمارٹ فون جہاں انسانوں کے لیے بے پناہ فوائد رکھتے ہیں وہیں ان کے کچھ نقصان دہ پہلو بھی ہیں۔ موبائل فون کے ساتھ ہمہ وقت مصروف لوگ اپنے پیاروں کے درمیان بیٹھ کر بھی انہیں وقت نہیں دے پاتے۔

لبنان کے ایک کیفے ٹیریا ریستوران میں موجودگی کے دوران خود کو موبائل فون سے مستغنی کرنے پر تیار گاہکوں کو کھانے کے بل پر خصوصی رعایت دینے کا اعلان کیا ہے تاکہ تمام افراد سکون کے ساتھ گپ شپ کرسکیں اور موبائل مشاغل کے بغیراطمینان کے ساتھ کھانا تناول کر سکیں۔ اس دوران اگر کوئی شخص موسیقی سے لطف اندوز ہونا چاہے توموبائل اس کے شوق میں مخل نہ ہو۔

ہوٹل میں داخل ہونے کے بعد اپنے موبائل واپسی تک کاؤنٹر پر جمع کرانے والے گاہکوں کو ماکولات ومشروبات میں خصوصی رعایت دی جاتی ہے۔ کیفے کے ایک ملازم نے "العربیہ" کو بتایا کہ اس اقدام کا مقصد تمام گاہکوں کو موبائل کے شوروغل سے آزاد ایک اطمینان بخش ماحول فراہم کرنا ہے۔ اس میں گاہکوں ہی کا فائدہ ہے۔ ان کے موبائل واپسی پرانہیں دے دیے جاتے ہیں۔

دارالحکومت بیروت کی شاہراہ الحمراء پر واقع Bedivere کیفے کے مالک جہاد الزین نے کہا کہ میں نے اندازہ لگایا ہے کہ کھانے اور دوستوں سے بات چیت کے دوران بھی کچھ لوگ بلیک بیری اور whatsapp وغیرہ سے چیٹنگ میں مصروف رہتے ہیں اور دوسرے کی بات پر کوئی کان نہیں دھرتا۔ اس لیے ہم نے موبائل کاؤنٹر پر رکھوانے والے گاہکوں کو خصوصی ڈسکاؤنٹ کی پیش کی ہے۔

لبنان کے اس کیفے کے رعایتی تجربے کوعوام بالخصوص نوجوانوں میں غیر معمولی پذیرائی ملی ہے۔ اسی کیفے میں آنے والے ایک گاہک نے "العربیہ" کوبتایا کہ کیفے میں داخل ہوتے وقت میں نے اپنا سیل فون کاؤنٹرپر جمع رکھ دیا تھا۔ قیام کے دو گھنٹے دنیاوی پریشانیوں سے آزاد نہایت اطمینان سے گذرے۔