.

شام: اسلام پسند باغی کمانڈر جاں بحق

کماڈر عبدالقادر صالح توحید بریگیڈ کا سربراہ تھا

پہلی اشاعت: آخری اپ ڈیٹ:

شام میں اہم باغی کمانڈر عبدالقادر صالح ہلاک ہو گیا ہے۔ باغی کمانڈر حلب کے قریب سرکاری افواج کے ایک فضائی حملے کے دوران زخمی ہو گیا تھا۔

عبدالقادر صالح اسلام پسند گروپ توحید بریگیڈ کا کمانڈر تھا۔ بشارالاسد رجیم کیخلاف لڑنے والے اسلام پسند گروپ کے لیے اس کمانڈر کی ہلاکت ایک بڑا دھچکا ہے۔

توحید بریگیڈ کی جانب سے جاری کیے گئے ایک بیان میں کہا گیا ہے کہ '' ہم اپنے کمانڈر عبدالقادر صالح کی شہادت کا اعلان کرتے ہیں۔''

واضح رہے شامی فضائی حملے کے دوران کمانڈر عبدالقادر صالح زخمی جبکہ ایک اور کمانڈر ہلاک ہوگیا تھا۔ اب زخموں کی تاب نہ لاتے ہوئے کمانڈرعبدالقادر بھی جاں بحق ہو گیا۔

کمانڈر صالح نے ایک ہفتہ قبل اپنے ایک ٹی وی انٹرویو میں کہا تھا'' ایران اور حزب اللہ ہماری لاشوں سے گذر کر ہی شام میں مداخلت اور قبضہ کر سکتا ہے۔''

کمانڈر عبدالقادر صالح کا حلب کے شمال میں ایک قصبے سے تعلق تھا جہاں وہ 2011 سے پہلے تجارت سے منسلک تھا۔ سابق فوجی ہونے کے ناطے اسے توحید بریگیڈ کے نام سے باغیوں کو منظم کرنے کا موقع ملا۔