.

اصفہان میں خفیہ جوہری مرکز کا دعوی غلط ہے: ایران

جھوٹا الزام جنیوا مذاکرات پر اثر انداز ہونے کی کوشش ہے

پہلی اشاعت: آخری اپ ڈیٹ:

ایران نے ان اطلاعات کو جھوٹ پر مبنی قرار دیا ہے جن میں الزام عاید کیا گیا تھا کہ ایران میں فوجی نوعیت کا ایک زیر زمین جوہری مرکز بروئے کار ہے۔

یہ الزام ایران کے ایک جلاوطن گروپ کی طرف سے لگایا گیا تھا۔ جلاوطنی کی زندگی گذارنے والا ایرانی مزاحمت کاروں کا یہ گروپ فرانس میں مقیم ہے اور قومی مزاحمت کونسل کے نام سے جدو جہد کر رہا ہے۔

اس ایرانی گروپ کے ذرائع کا کہنا ہے کہ فوجی نوعیت کی جوہری سائٹ'' 012 '' کے نام سے وسطی صوبے اصفہان میں قائم ہے۔ یہ مبینہ جوہری مرکز ایک 600 میٹر لمبی سرنگ کے ذریعے محفوظ بنایا گیا ہے۔

یہ دعوی اس وقت سامنے آیا جب ایران اور دنیا کی چھ بڑی طاقتوں کے درمیان جنیوا میں مذاکراتی عمل کا تیسرا دور بدھ کے 20 نومبر سے شروع ہون والا ہے۔ اس سے پہلے بھی یہ گروپ مختلف مواقع پر ایرانی جوہری پروگرام کے بارے میں انکشافات کر چکا ہے۔

ایران کا کہنا ہے کہ یہ الزام جوہری معاملے پر ہونے والے مذاکرات پر اثر اندازہونے کی ایک کوشش ہے۔