.

یو اے ای میں شدید بارشوں کے باعث دبئی ائر شو اور تعلیمی ادارے بند

ناموافق موسمی حالات کے باعث ٹریفک کے متعدد حادثات

پہلی اشاعت: آخری اپ ڈیٹ:

متحدہ عرب امارات کے کاروباری اور سیاحتی مرکز دبئی سمیت دیگر ریاستوں میں ہونے والی طوفانی بارش کے باعث المکتوم ائر پورٹ پر جاری دبئی ائر شو اور علاقے میں تمام تعلیمی ادارے بند کر دیئے گئے ہیں۔

یو اے ای کی وزارت تعلیم نے اپنی حدود میں تمام نجی اور سرکاری سکولوں کی انتظامیہ کو ہدایت کی ہے کہ وہ اپنے طلبہ کو چھٹی سے پہلے ہی اپنے گھروں کو واپسی کرا دیں کیونکہ محکمہ موسمیات نے علاقے میں ریت کے طوفان اور شدید بارشوں کی پیش گوئی کی ہے۔

شدید بارش سے دبئی اور ابوطہبی میں سیلاب کی صورتحال پیدا ہو گئی ہے جس کے باعث دونوں ریاستوں میں ٹریفک کے متعدد حادثات رونما ہونے کی بھی اطلاعات ہیں۔

ادھر دبئی میں جاری ائر شو کی انتظامیہ نے ناموافق موسمی حالات کے باعث المکتوم ائر پورٹ پر جاری ائر شو منسوخ کر دیا ہے۔ انتظامیہ نے ذرائع ابلاغ کے ذریعے ائر شو دیکھنے کے لئے آنے والے شائقین کو ہدایت کی ہے کہ وہ اس مقصد کے لئے المکتوم ائرپورٹ کا رخ نہ کریں۔

بین الاقوامی ائر شو میں شریک متعدد مندوبین نے اپنے موبائل فونز سے سیلابی صورتحال کی منظر کشی کرنے والی تصاویر کو فیس بک اور ٹیوٹر کے ذریعے مشتہر کیا ہے۔ جمعرات کے روز ہونے والے ائر شو کے کرتب منسوخ کر دیئے گئے ہیں۔ جمعرات کے روز جہازوں کی خریداری کے اعلانات بھی متوقع نہیں تھے کیونکہ بدھ کے روز ہی دلچسپی رکھنے والے شرکاء نے خریداری کے مختلف معاہدوں کو حتمی شکل دے دی تھی۔

سعودی عرب اور خلیج کی دوسری ریاستوں میں تباہی مچانے والی بارشوں نے جمعرات کے روز متحدہ عرب امارات کا رخ کیا۔ ان طوفانی بارشوں کا اصل زور یو اے ای کے شمال مغربی سرحدی ساحل تھے، جن میں ابوطہبی، شارجہ اور دبئی کے علاقے خصوصی طور پر شامل ہیں۔ سیلابی بارشوں کے ساتھ آسمانی بجلی کے کڑکنے اور تیز ہواوں نے صورتحال کو بہت زیادہ گھمبیر بنا دیا ہے۔

ریاض سمیت سعودی عرب کے متعدد دوسرے شہروں میں شدید بارش سے سیلابی کیفیت پیدا ہوئی۔ صورتحال کے باعث تمام متاثرہ علاقوں میں تعلیمی سرگرمیاں معطل ہو کر رہ گئیں۔ کویت میں بھی صورتحال اپنے ہمسایہ ملک سے زیادہ مختلف نہیں تھی۔ شدید بارشوں کے باعث کویت کے مختلف علاقے زیر آب ہیں۔ زیر آب آنے والے علاقوں میں مختلف عمارتوں کے اندر بیسمنٹ پانی سے بھر گئے ہیں، جس کے باعث عمارتوں کو خطرات لاحق ہو گئے ہیں۔

محکمہ موسمیات کے ماہرین نے خبردار کیا ہے کہ خلیج کی تقریبا تمام ریاستوں، یو اے ای ، سلطنت آف عمان اور قطر میں طوفانی بارشوں کی پیش گوئی ہے۔