مغرب اور ایران کے مابین سمجھوتہ "تاریخی غلطی" ہے: نیتن یاھو

معاہدے کے باوجود اسرائیل کی سلامتی یقینی بنائیں گے: جان کیری

پہلی اشاعت: آخری اپ ڈیٹ:
مطالعہ موڈ چلائیں
100% Font Size
دو منٹ read

اسرائیلی وزیر اعظم بنجمن نیتن یاھو نے ایران کے جوہری تنازع پرمغرب اور تہران کے درمیان طے پانے والے سمجھوتے کو"تاریخی غلطی" قرار دیا ہے۔

اتوار کے روز کابینہ کے اجلاس سے خطاب کرتے ہوئے نیتن یاھو نے کہا کہ "جنیوا میں ہفتے کے روز تہران اور بڑی طاقتوں کے مابین طے پانے والے اس معاہدے کو"تاریخی سمجھوتہ" نہیں بلکہ "تاریخی غلطی" قرار دیا جائے گا۔ ایران کے ساتھ سمجھوتے کے بعد دنیا پہلے سے کہیں زیادہ غیرمحفوظ ہو گئی ہے۔ اس معاہدے کے نتیجےمیں دنیا کے ایک خطرناک ملک کو تباہ اسلحہ بنانے کی اجازت دے دی گئی ہے"۔

قبل ازیں شدت پسند خیال کیے جانے والے اسرائیلی وزیر خارجہ آوی گیڈور لائبرمین نے افسوس کا اظہار کرتے ہوئے جنیوا معاہدے کو ایران کی سفارتی 'فتح' قرار دیا تھا۔ اسرائیلی ریڈیو سے گفتگو کرتے ہوئے اسرائیلی وزیر خارجہ کا کہنا تھا کہ عالمی برادری نے ایران سے معاہدہ کرکے تہران کے جوہری پروگرام کا حق تسلیم کرلیا ہے۔ اس کے بعد ایران کے لیے یورنیم افزودگی پہلے سے زیادہ آسان ہو جائے گی۔

اسرائیلی حکومت کی جانب سے جاری الگ سے ایک بیان میں بھی تہران اور گروپ چھ کے درمیان گذشتہ روز طے پائے سمجھوتے کی مذمت کی۔ بیان میں دبے لفظوں میں ایران سے نمٹنے کی بھی دھمکی دی گئی اور کہا گیا کہ ایران کے متنازعہ جوہری پروگرام پرسمجھوتہ طے پانے کے باوجود اسرائیل کو پابند نہیں بنایا جا سکتا ہے۔ تل ابیب کواپنے دفاع کا بھرپور حق حاصل ہے۔

ادھراسرائیلی وزیراعظم کے پرنسپل سیکرٹری اور کابینہ کے اہم رکن نیوٹالی بینیٹ نے جنیوا معاہدے کو"بُری خبر" قرار دیا۔ انہوں نے کہا کہ اسرائیل اس معاہدے کے بدترین معاہدوں کی پابندی نہیں کرے گا۔

اسی ضمن میں امریکی حکومت کے ایک سینیئرعہدیدار نے کہا ہے کہ ایران کے جوہری پروگرام پرسمجھوتہ طے پانے کے بعد صدر باراک اوباما اسرائیلی وزیر اعظم بنجمن نیتن یاھو سے بات کرکے انہیں اعتماد میں لینے کا عزم رکھتے ہیں۔

قبل ازیں جنیوا میں صحافیوں سے گفتگو کرتے ہوئے امریکی وزیر خارجہ جان کیری کا کہنا تھا کہ تہران کے جوہری پروگرام پرسمجھوتے کا مطلب اسرائیل کی سلامتی داؤ پر لگانا نہیں ہے۔ ہم اسرائیل اور خطے کے دوسرے ملکوں کو تحفظ کی ضمانت فراہم کریں گے۔

مقبول خبریں اہم خبریں

مقبول خبریں