.

مصر:سیناء میں مسلح افراد نے گیس پائپ لائن دھماکے سے اڑادی

صنعتوں کو گیس کی سپلائی بند،واقعے میں کوئی جانی نقصان نہیں ہوا

پہلی اشاعت: آخری اپ ڈیٹ:

مصر کے جزیرہ نما صحرائی علاقے شمالی سیناء میں مسلح افراد نے ایک گیس پائپ لائن کو دھماکے سے اڑا دیا ہے۔

اس گیس پائپ لائن سے علاقے میں قائم صنعتوں کو گیس مہیا کی جاتی ہے۔مصری حکام کا کہنا ہے کہ واقعے میں کوئی جانی نقصان نہیں ہوا۔

واضح رہے کہ غزہ کی پٹی اور اسرائیل کی سرحد کے ساتھ واقع شمالی سیناء میں 2011ء میں سابق مطلق العنان صدر حسنی مبارک کی اقتدار سے علاحدگی کے بعد سے متعدد مرتبہ گیس پائپ لائنوں کو نشانہ بنا چکے ہیں جس سے مصر سے اردن اور اسرائیل کو گیس کی سپلائی منقطع ہوچکی ہے۔

جنگجو گروپوں نے جولائی میں منتخب صدر ڈاکٹر محمد مرسی کی برطرفی کے بعد سے سیناء میں فوجیوں اور پولیس اہلکاروں پر حملے تیز کررکھے ہیں۔القاعدہ سے متاثرہ انصار بیت المقدس نامی جنگجو تنظیم نے گذشتہ ہفتے مصر کے شہر منصورہ میں پولیس کے ہیڈکوارٹرز پر بم حملے کی ذمے داری قبول کی تھی لیکن مصری حکومت نے اس حملے کو جواز بنا کر ملک کی سب سے بڑی مذہبی وسیاسی جماعت اخوان المسلمون کو دہشت گرد قرار دے دیا ہے۔