.

معزول صدر مرسی کے مقدمے کی سماعت یکم فروری تک ملتوی

چھ ماہ میں یہ یہ دوسری پیشی ہو گی، سخت سکیورٹی انتظامات

پہلی اشاعت: آخری اپ ڈیٹ:

مصر کے معزول کیے گئے پہلے منتخب صدر محمد مرسی آج دوسری مرتبہ عدالت میں پیش کیے جا رہے ہیں۔ محمد مرسی کو ان کی برطرفی سے ان کے بقول ایک روز پہلے ہی حراست میں لیا گیا تھا۔ تب سے اب تک ان کی عدالت میں یہ دوسری پیشی ہے۔

معزول صدر کیخلاف مظاہرین کو قتل کرنے کی ترغیب دینے کا مقدمہ بنایا گیا ہے کہ انہوں نے 2012 میں صدارتی محل کے باہر مظاہرہ کرنے والوں کو قتل کرایا تھا۔ اسی طرح کے بعض دوسرے الزامات کا بھی انہیں سامنا ہے۔ اس مقدمے میں مجرم ثابت ہونے پر انہیں عمر قید یا سزائے موت بھی ہو سکتی ہے۔

اس سے پہلے انہیں ماہ نومبر میں عدالت میں پہلی بار پیش کیا گیا تو انہوں نے عدالتی اختیار کو تسلیم کرنے سے انکار کیا تھا اور کہا تھا وہ اب بھی مصر کے قانونی صدر ہیں۔ محمد مرسی نے کہا تھا ''عدالت ایک فراڈ بغاوت کو سہارا دے رہی ہے۔'' ماہ نومبر میں پہلی سماعت پر عدالت میں ہنگامے کے باعث کارروائی ملتوی کر دی گئی تھی۔ بعد ازاں انہیں برج العرب جیل بھیج دیا گیا تھا۔

آج معزول صدر کی دوسری عدالتی پیشی پر غیر معمولی سکیورٹی انتظامات کیے گئے ہیں کیونکہ مرسی کی برطرفی کے بعد ان کے حامی مسلسل احتجاج کر رہے ہیں اور اخوان المسمون کی ساری قیادت جیلوں میں بند ہے۔