.

ایران پرعاید پابندیاں اب ختم ہونی چاہییں: حاکم دبئی

"تہران ہمارا ہمسایہ ہے، پابندیاں اٹھنے سے امارات کا بھی فائدہ ہو گا"

پہلی اشاعت: آخری اپ ڈیٹ:

دبئی کے حکمران شیخ محمد بن راشد المکتوم نے ایران پر عاید پابندیوں کے حوالے سے کہا ہے کہ اب وقت آگیا ہے کہ ان پابندیوں کو ختم کر دیا جائے۔ انہوں نے اس امر کا اظہار ایک انٹرویو میں کیا ہے۔ واضح رہے یہ شیخ محمد دبئی کے حکمران ہونے کے ساتھ متحدہ عرب امارات کے نائب صدر اور وزیر اعظم بھی ہیں۔

ان کا کہنا تھا ''ایران ہمارا ہمسایہ ہے ہم اس حوالے سے کوئی مسئلہ نہیں چاہتے ہیں ۔'' ان سے انٹرویو میں پوچھا گیا تھا کہ کیا وہ یہ سوچتے ہیں کہ ایران پر عاید پابندیاں ختم کرنے کا وقت آ گیا ہے۔ جس کے جواب میں انہوں نے کہا ''میرا خیال ہے ایسا ہونا چاہیے۔''

شیخ محمد بن راشد المکتوم نے مزید کہا ''دبئی, ایران کیلیے اشیاء کی ری ایکسپورٹ کا اہم مرکز ہے اس لیے ان پابندیوں کے خاتمے سے متحدہ عرب امارات کو بھی فائدہ ہو گا۔ تجارت کھلنا دبئی اور امارات کے بھی مفاد میں ہوگا۔''

ایران 24 نومبر کو ہونے والے ابتدائی جوہری معاہدے کے بعد یکم فروری سے پابندیاں اٹھنے کی امید رکھتا ہے جبکہ جوہری معاہدے پر 20 جنوری عمل شروع ہو چاہتا ہے۔

دبئی کے حاکم پہلے عرب حکمران ہیں جنہوں کھلے لفظوں میں ایران پر عاید پابندیوں کے خاتمے کی بات کی ہے۔ اس سے پہلے ایران کے وزیر خارجہ جواد ظریف نومبر کے جوہری معاہدے کے فوری بعد متحدہ عرب امارات کے دورے پر آ چکے ہیں۔