.

حلب کا ہوائی اڈہ ایک سال بعد پروازوں کے لیے دوبارہ کھول دیا گیا

پہلی پرواز میں دمشق سے شامی صحافیوں کو حلب لایا گیا

پہلی اشاعت: آخری اپ ڈیٹ:

شام کے شہر حلب میں ملک کا دوسرا بڑا بین الاقوامی ہوائی اڈا ایک سال کی بندش کے بعد دوبارہ پروازوں کے لیے کھول دیا گیا ہے۔ پہلی پرواز دارالحکومت دمشق سے شامی صحافیوں کا ایک وفد لے کر حلب کے ہوائی اڈے پر اتری۔

شامی خبر رساں ایجنسی "سانا" کی رپورٹ کے مطابق مبینہ 'دہشت گردوں' کے راکٹ حملوں کے بعد ہوائی اڈے کے بعض حصوں اور رن ویز کو نقصان پہنچا تھا، جن کی ضروری مرمت اور ایئرپورٹ کی سیکیورٹی یقینی بنائے جانے کے بعد پروازوں کو بحال کر دیا گیا ہے۔ فوج نے ہوائی اڈے کی سیکیورٹی سخت کر دی ہے۔

ادھر شام کے سرکاری ٹیلی ویژن نے اپنی ایک رپورٹ میں بتایا ہے کہ کل بدھ کے روز دمشق سے صحافیوں کو ایک پرواز کے ذریعے حلب پہنچایا گیا۔

خیال رہے کہ گذشتہ برس فروری میں شامی باغیوں نے حلب ہوائی اڈے کا کنٹرول سنھبالتے ہوئے سرکاری فوج کو وہاں سے بھگا دیا تھا، تاہم نومبر میں ہوائی اڈے کی سیکیورٹی پر مامور بریگیڈ 80 نے دوبارہ باغیوں کو وہاں سے نکال دیا تھا۔