.

غزہ پر صبح سویرے اسرائیلی بمباری، دو زخمی

بمباری رفح کے علاقے سمیت شمالی غزہ میں بھی کی گئی

پہلی اشاعت: آخری اپ ڈیٹ:

اسرائیلی جیٹ طیاروں نے جمعہ کو علی الصبح حماس کے زیر انتظام غزہ پر بمباری کی ہے۔ کہا گیا ہے کہ یہ بمباری غزہ سے راکٹ فائر کیے جانے کے جواب میں کی گئی ہے جو مبینہ طور پر حماس کی عزالدین القسام بریگیڈ نے فائر کیے تھے۔

بمباری کے دوران القسام بریگیڈ کے دو تربیتی مراکز کو خصوصی ہدف بتایا گیا ہے۔ واضح رہے القسام بریگیڈ غزہ کے شمالی علاقے میں متحرک ہے۔

فلسطینی سکیورٹی ذرائع کے مطابق جمعہ کی صبح اسرائیل کے بمبار طیاروں نے جنوبی غزہ میں بھی بمباری کی، جس سے فوری طور پر دو افراد کے زخمی ہونے کی اطلاع ملی ہے ۔ جنوبی غزہ میں رفح کے علاقے کو نشانہ بنانے کیلیے دو حملے کیے گئے ہیں۔

اسرائیلی سکیورٹی حکام کے مطابق یہ فضائی حملے غزہ سے فائر کیے گئے ایک راکٹ کے بعد کیے گئے تاہم راکٹ سے کوئی نقصان نہیں ہوا تھا۔ مبینہ طور پر راکٹ جنوبی اسرائیل کے علاقے میں گرا تھا۔

اسرائیلی فوجی حکام کے مطابق بمبار طیاروں نے ایک اسلحہ ساز فیکٹری اور ایک اسلحہ ڈپو کو نشانہ بنایا ہے۔ مقامی ذرائع کا کہنا ہے کہ ایک سال کے امن کے بعد اسرائیل اور غزہ کے درمیان چند ہفتوں سے پھر کشیدگی کا ماحول ہے۔

بیس دسمبر 2013 سے اب تک چھ فلسطینی اور ایک اسرائیلی ہلاک ہو چکا ہے۔ جبکہ 22 جنوری کو اسرائیلی فوج نے دو فلسطینوں کو ہلاک کیا۔ اسرائیل کا موقف ہے آزادی چاہنے والے یہ فلسطینی راکٹ حملوں میں ملوث تھے۔