.

اسرائیلی آئرن ڈوم نے سیناء سے داغا راکٹ 'دبوچ' لیا

سیناء میں پرتشدد کارروائیوں میں تین برسوں سے اضافہ

پہلی اشاعت: آخری اپ ڈیٹ:

اسرائیلی حکام کے مطابق مصر کے علاقے جزیرہ نما سیناء سے داغا گیا ایک راکٹ میزائل شکن نظام آئرن ڈوم کی مدد سے اپنے ہدف تک پہنچنے سے قبل مار گرایا ہے۔

اسرائیلی فوج کی خاتون ترجمان کے مطابق جزیرہ نما سیناء میں موجود شدت پسندوں نے اسرائیل کے ایلات شہر پر گذشتہ روز راکٹ حملہ کیا تاہم راکٹ کو آئرن ڈوم کی مدد سے فضاء ہی میں تباہ کر دیا گیا۔ ترجمان نے کہا کہ وادی ایلات سیناء میں چھپے عسکریت پسندوں حملوں کا مسلسل نشانہ بنتی رہتی ہے تاہم جمعہ کے روز ایک راکٹ کو ہدف تک پہنچنے سے قبل ہی تباہ کر دیا گیا ہے۔

خیال رہے کہ جنوری میں القاعدہ کی طرز پر کارروائیاں کرنے والے ایک عسکریت پسند گروپ نے مصری فوج کے آپریشن کی کوئی پرواہ نہ کرتے ہوئے اسرائیلی شہر ایلات پر راکٹ حملے جاری رکھنے کا اعلان کیا تھا۔

جزیرہ نما سیناء میں جنوری 2011ء کو سابق صدر حسنی مبارک کی معزولی کے بعد پرتشدد کارروائیوں میں اضافہ ہو گیا تھا۔ گذشتہ برس اخوان المسلمون کے منتخب صدر ڈاکٹر محمد مرسی کی فوج کے ہاتھوں برطرفی کے بعد جزیرے میں عسکریت پسندوں کی کارروائیوں میں مزید اضافہ ہوا ہے۔

مصری فوج نے جنگجو گروپوں کی سرکوبی کے لیے مسلسل فضائی اور زمینی حملے بھی جاری رکھے ہوئے ہیں لیکن فوج جزیرے میں امن و امان کےقیام میں ناکام ہے۔