"العربیہ" کی مدد سے منشیات گینگ کے خلاف کامیاب آپریشن

"اسپیشل مشن" کی ٹیم اور بحرینی حکام کی صبر آزما مشترکہ کارروائی

پہلی اشاعت: آخری اپ ڈیٹ:
مطالعہ موڈ چلائیں
100% Font Size
3 منٹس read

العربیہ ٹیلی ویژن نیٹ ورک نے ابلاغ کے محاذ پر پیشہ ورانہ خدمات کے ساتھ ساتھ سماج دُشمن عناصر کو بے نقاب کرنے اور انہیں قانون کی گرفت میں لانے میں بھی متعدد بار مدد فراہم کی ہے۔ "العربیہ" کے فلیگ شپ پروگرام "المھہ الخاصہ" [اسپیشل مشن] کی ٹیم کی بحرین میں منشیات کے مکروہ دہندے میں ملوث پاکستانی، ایرانی اور ایشیائی باشندوں پر مشتمل گینگ کو پکڑوانے میں مدد اس سلسلے کی ایک تازہ کڑی ہے۔

"العربیہ" تحقیقاتی پروگرام "اسپیشل مشن" کی حالیہ قسط میں منشیات اسمگلنگ میں ملوث گروہ کی گرفتاری میں مدد فراہم کرنے کی روداد پر مشتمل مفصل رپورٹ کا پہلا حصہ پیش کیا گیا۔ اس رپورٹ میں بتایا گیا ہے کہ "العربیہ" کی ٹیم کس طرح بحرینی پولیس کے ہمراہ سماج دشمن عناصر کا تعاقب کرتی اور خلیجی ملکوں میں موت بانٹنے والوں کو چکما دے کر ان سے راز اُگلوانے کی کوشش کرتی رہی ہے۔

رپورٹ کے مطابق یہ ایک مشکل مشن تھا کیونکہ اس میں راز افشاء ہونے کی صورت میں صحافیوں اور عملے کے دوسرے افراد کی زندگیاں بھی خطرے میں تھیں، تاہم یہ مشکل مشن کامیابی کے ساتھ سر کر لیا گیا۔ رپورٹ کے مطابق خلیجی ملکوں بالخصوص بحرین میں ہیروئن کے کاروبار میں ملوث عناصر تک رسائی کے لیے ایک طویل المدت حکمت عملی طے کی گئی تھی۔

پیشہ ورمجرموں کو قانون کی گرفت میں لانا اور ان کے پورے نیٹ ورک کی معلومات حاصل کرنا کئی ماہ کی مسلسل محنت کا کام تھا۔ العربیہ کی ٹیم نے جیلوں میں ڈالے گئے ملزمان سے ملنے کے بعد فیلڈ میں موجود عناصر سے بھی ملاقاتیں کیں۔ غالبا ان لوگوں [منشیات فروشوں] کا خیال تھا کہ وہ قانون نافذ کرنے والے اداروں یا میڈیا کی آنکھ سے چُھپ کر یہ دھندہ کر رہے ہیں لیکن انہیں معلوم نہ تھا کہ میڈیا کا کیمرہ اور قانون کی آنکھ بھی انہیں دیکھ رہی ہے۔

چھ ماہ تک العربیہ کی ٹیم بیک وقت منشیات فروشوں اور پولیس کا حصہ بن کرحقائق معلوم کرتی اور حکام تک پہنچاتی رہی اور آخرکار اس نیٹ ورک کو پکڑ لیا گیا۔ منشیات فروشوں کے ساتھ رہتے ہوئے ٹی وی کی ٹیم نے ایک طویل دستاویزی فلم بھی تیار کرلی تھی جس کا دوسرا حصہ جلد ہی نشر کیا جائے گا۔

بحرین میں العربیہ کے نامہ نگار محمد العرب نے بتایا کہ دستاویزی فلم کی دوسری قسط میں منشیات کے ذریعے سادہ لوح شہریوں میں موت بانٹنے والے ایشیائی، ایرانی اور خلیجی جرائم پیشہ عناصر کے بارے میں مزید اہم معلومات فراہم کی جائیں گی اور بتایا جائے گا کہ العربیہ کی ٹیم کو سماج دشمن عناصر کے ساتھ رہتے ہوئے کن تجربات سے گذرنا پڑا ہے۔

مقبول خبریں اہم خبریں

مقبول خبریں