.

یو اے ای:خلاف قانون سرگرمیوں میں ملوث آٹھ کویتی طلبہ فارغ

پہلی اشاعت: آخری اپ ڈیٹ:

متحدہ عرب امارات کے ذرائع ابلاغ کے مطابق حکومت نے شارجہ اور عجمان یونیورسٹیوں میں زیر تعلیم کویت کے آٹھ طلبہ کو "غیر قانونی" سرگرمیوں میں ملوث ہونے کے الزام میں ملک سے نکل جانے کا حکم دیا ہے۔

یو اے ای کی سرکاری خبر رساں ایجنسی"وام" نے وزارت تعلیم کے ذمہ دار ذرائع کے حوالے سے اطلاع دی ہے کہ یونیورسٹیوں سے فارغ کیے گئے طلبہ پر غیر قانونی طور پرفنڈز جمع کرنے، بغیر اجازت یونین قائم کرنے اور طلبہ کے ہاسٹل میں خلاف قانون اجتماعات منعقد کرنے کا الزام عاید کیا گیا ہے۔

ذرائع کا کہنا ہے کہ متحدہ عرب امارات، کویت سمیت کسی بھی خلیجی ملک کے طلبہ کو تعلیم کے زیور سے آراستہ کرنے کو اپنا اخلاقی فریضہ سمجھتا ہے مگر خلاف قانون سرگرمیوں میں حصہ لینے والے طلبہ کے لیے کوئی گنجائش نہیں ہے۔ ذرائع نے بتایا کہ امارات کی جامعہ عجمان میں 670 اور شارجہ یونیورسٹی میں 750 کویتی طلبہ زیر تعلیم ہیں۔

قبل ازیں کویتی اخبار"الرائے" نے ذرائع کے حوالے سے بتایا تھا کہ اماراتی حکام نے جامعہ عجمان اور شارجہ یونیورسٹی کے آٹھ طلبہ کو بوجوہ تعلیمی سلسلہ منقطع کرنے کا حکم دیا ہے۔