.

مصر: السیسی کی 'محجب اہلیہ' پہلی مرتبہ فوجی تقریب میں نمودار

پہلی اشاعت: آخری اپ ڈیٹ:

مصر کی طاقتور ترین شخصیت فیلڈ مارشل جنرل عبدالفتاح السیسی کی اہلیہ پہلی مرتبہ ایک فوجی تقریب میں شریک دیکھی گئی ہیں۔

مسلح افواج کے محکمہ تعلقات عامہ کی آفیشل ویب سائٹ پر جاری ایک تصویر میں جنرل السیسی کی اہلیہ کو حجاب میں دیکھا جا سکتا ہے۔ جنرل السیسی کی اہلیہ کی کسی سرکاری تقریب میں شرکت کی پہلی تصویر منظر عام پر آئی ہے۔

میڈیا رپورٹس کے مطابق مصر میں اہم فوجی تقریبات میں اعلیٰ افسران اپنی بیمگات کے ہمراہ شرکت کرتے رہتے رہیں لیکن ان تقریبات کی تصاویر کم ہی منظرعام پر آتی ہیں۔ ریٹائرڈ فوجی افسران کے اعزاز میں منعقدہ ایک حالیہ تقریب میں مسلح افواج کے چیف آف اسٹاف جنرل صدقی صبحی بھی اپنی اہلیہ کے ہمراہ دیکھے جا سکتے۔

خیال رہے کہ فیلڈ مارشل عبدالفتاح السیسی کو اخوان المسلمون کے معزول صدر ڈاکٹر محمد مرسی نے ڈیڑھ سال پہلے جنرل محمد حسین طنطاوی کی سبکدوشی کے بعد مسلح افواج کا سربراہ مقرر کیا تھا۔ لیکن بعد ازاں جنرل السیسی نے بغاوت کرتے ہوئے صدر مرسی کی حکومت کا تختہ الٹ کر انہیں گرفتار کر لیا تھا۔ اس کے بعد مصر کے تمام سیاسی امور کی براہ راست سرپرستی اور نگرانی جنرل السیسی ہی کر رہے ہیں اور اکثر مقامی اور عالمی میڈیا کی توجہ کا مرکز رہتے ہیں۔

حال ہی میں جنرل السیسی روس کے تین روزہ سرکاری دورے سے واپس آئے تو ان کی قاہرہ ہوائی اڈے پر سول کپڑوں میں لی گئی ایک تصویر بھی سوشل میڈیا پر بحث کا باعث بنی تھی۔

جنرل السیسی کے حامیوں کا کہنا ہے کہ ان کے ممدوح پیش آئند صدارتی انتخابات میں حصہ لیں گے تاہم خود جنرل السیسی کی جانب سے باضابطہ طور پر اعلان نہیں کیا گیا۔ شائد وہ ابھی حالات سازگار ہونے کا انتظار کر رہے ہیں۔