.

لیبیا میں چھ قطری باشندوں کو گرفتار کر لیا گیا

لیبیا کے جعلی پاسپورٹ اور خطیر رقم برآمد، ترکی جا رہے تھے

پہلی اشاعت: آخری اپ ڈیٹ:

لیبیا کی پولیس نے بن غازی ائیر پورٹ پر چھ قطری باشندوں کو گرفتار کر لیا ہے۔ قطری باشندے لیبیا کے پاسپورٹ جعلسازی سے استعمال کر کے ترکی کے لیے روانہ ہو رہے تھے ۔ ان زیر حراست لیے گئے افراد سے ایک لاکھ چھیالیس ہزار امریکی ڈالر کی خطیر رقم برآمد ہوئی ہے۔

مغربی سفارت کاروں کو اس سے پہلے یہ خدشات رہے ہیں کہ اسلام پسند لیبیا سے ترکی کے راستے شام منتقل ہو رہے ہیں تاکہ شام کی جنگ میں حصہ لے سکیں۔ واضح رہے لیبیا کے باشندوں کو ترکی کے سفر کیلیے ویزے کی ضرورت نہیں ہوتی ہے۔

ائیر پورٹ کے حکام کے مطابق زیر حراست لیے گئے چھ قطری باشندوں کو اس وقت گرفتار کیا جب انہیں ٹرکش اَیر لائن سے استنبول کیلیے روانہ ہونا تھا اور وہاں سے انہیں دوحا کیلیے تیار پرواز کے ذریعے قطر روانہ ہو جانا تھا۔

ائیر پورٹ حکام کے مطابق پانچ زیر حراست افراد کے قطری ہونے کی تصدیق ہو گئی ہے جبکہ ایک کے بارے میں ابھی تصدیق ہونا باقی ہے۔ ان کے پاس کوئی سامان نہیں تھا البتہ ایک لاکھ چھیالیس ہزار امریکی ڈالر موجود تھے۔

ان افراد سے تحقیقات جاری ہیں کہ یہ قطری باشندے کہاں سے آئے اور کہاں کتنا عرصہ مقیم رہے ہیں۔