.

وزیر دفاع السیسی صدارتی انتخاب لڑنے کے لیے مستعفی

چیف آف اسٹاف صدقی صبحی کو ترقی دے کر جنرل اور آرمی چیف بنا دیا گیا

پہلی اشاعت: آخری اپ ڈیٹ:

مصر کے آرمی چیف فیلڈ مارشل عبدالفتاح السیسی نے آیندہ صدارتی انتخاب لڑنے کے لیے وزیردفاع کا منصب چھوڑ دیا ہے اور ان کی جگہ چیف آف اسٹاف صدقی صبحی کو جنرل کے عہدے پر ترقی دے کر وزیردفاع اور آرمی چیف مقرر کیا گیا ہے۔

عبدالفتاح السیسی نے بدھ کو مصر کی مسلح افواج کی سپریم کونسل کے ارکان سے ملاقات کی اور انھیں صدارتی انتخاب لڑنے اور وزارت دفاع کا منصب چھوڑنے کے فیصلے سے آگاہ کیا۔

العربیہ ٹی وی کی رپورٹ کے مطابق فوج کی سپریم کونسل نے صدقی صبحی کو جنرل کے عہدے پر ترقی دے کر فیلڈ مارشل السیسی کی جگہ آرمی چیف اور وزیر دفاع مقرر کردیا ہے۔

عبدالفتاح السیسی کے بارے میں گذشتہ سال جولائی میں منتخب جمہوری صدر محمد مرسی کی برطرفی کے بعد سے یہ توقع کی جارہی تھی کہ وہ آیندہ صدارتی امیدوار ہوں گے پہلے وہ اپنی اس خواہش کے اظہار میں پس وپیش سے کام لیتے رہے تھے لیکن اسی ماہ کے اوائل میں ایک تقریر میں انھوں نے آیندہ صدارتی انتخابات میں امیدوار ہونے کا عندیہ دے دیا تھا۔

اب وہ باضابطہ طور پر صدارتی انتخابات لڑنے کا اعلان کریں گے۔تاہم ابھی مصر کے الیکشن کمیشن نے صدارتی انتخابات کے شیڈول کا اعلان نہیں کیا ہے۔اب تک ان کے مقابلے کے لیے حمدین صباحی نے صدارتی امیدوار ہونے کا اعلان کیا ہے۔وہ گذشتہ صدارتی انتخابات میں معزول صدر ڈاکٹر محمد مرسی کے مقابلے میں تیسرے نمبر پر رہے تھے۔