.

سعودی خاتون کی شاپنگ مال میں چوری اور سینہ زوری

سکیورٹی گارڈ کو کک مارنے کی ویڈیو منظر عام پر

پہلی اشاعت: آخری اپ ڈیٹ:

سعودی عرب کے ایک بڑے شاپنگ مال پر اس وقت دلچسپ و عجیب صورت حال پیدا ہو گئی جب ایک خاتون پر چوری کا شبہ ہوا تو شاپنگ مال کے لمبے تڑنگے سکیورٹی گارڈ نے دروازے تک مبینہ مشکوک خاتون کا پیچھا کیا ، لیکن خاتون نے اچانک سکیورٹی گارڈ کو خوفناک قسم کی کک جڑ دی۔

تفصیلات کے مطابق ایک ویڈیو میں اس سارے منظر کو ''العربیہ'' نے ایک رپورٹ کی شکل میں پیش کیا ہے کہ خاتون کے احترام میں خاتون پر ہاتھ نہ اٹھانے والے سکیورٹی گارڈ پر کیا بیتی۔ سعودی خاتون نے تلاشی لینے کی کوشش کرنے والے سکیورٹی گارڈ کو ایک غیر معمولی دھچکے سے دو چار کر دیا۔

مال کا سکیورٹی گارڈ معمول کی نگرانی پر مامور تھا کہ اسے ایک خاتون پر شبہ ہوا کہ وہ شاپنگ مال سے کچھ چوری کر کے لے جارہی ہے۔ اس نے شاپنگ بیگ اٹھائے جانے والی اس خاتون کا پیچھا کیا۔ شاپنگ مال کے بیرونی دروازے تک دونوں کے درمیان تکرار ہوتی رہی۔ جب خاتون نے ایک نہ سنی اور تیز تیز قدموں سے باہر کی طرف جانے کی کوشش کرنے لگی تو سکیورٹی گارڈ نے شاپنگ بیگ چھیننے کی کوشش کی۔

مبینہ مشکوک خاتون نے اس موقع پر شور مچانا شروع کر دیا، وہ غصے سے چلا رہی تھی۔ سکیورٹی گارڈ ابھی شش و پنج میں ہی تھا کہ ایک برقع پوش خاتون سے کیسے تعارض کرے۔ لیکن خاتون نے پھرتی کا مظاہرہ کیا اور اچانک سکیورٹی گارڈ کو کک جڑ دی اور تیزی سے شاپنگ مال کا دروازہ عبور کرنے میں کامیاب ہو گئی۔

پولیس نے بعد ازاں اس مبینہ مشکوک خاتون کا تعاقب کیا لیکن خاتون اپنی گاڑی میں یہ جاوہ جا ہو گئی۔ مبینہ طور پر چوری اور سینہ زوری کرنے والی اس خاتون کی تلاش اور چوری کے واقعے کی تحقیقات ابھی جاری ہیں۔