.

لیبیا میں اردنی سفیر اغوا، ڈرائیور زخمی

لیبیا اور اردن دونوں نے واقعے کی تصدیق کر دی

پہلی اشاعت: آخری اپ ڈیٹ:

لیبیا میں اردن کے سفیر کو نقاب پوش مسلح افراد نے اغوا کر لیا ہے۔ لیبیا کی وزارت خارجہ کے ترجمان کے مطابق اغوا کاروں نے سفیر فواز آیتان کی گاڑی پر حملہ کر کے ڈرائیور کو نشانہ بنایا اور سفیر کواغوا کر کے لے گئے ہیں۔ واضح رہے کہ لیبیا میں لاقانونیت کی کارروائیاں 2011 سے جاری ہیں۔

پچھلے سال لیبیا کے وزیر اعظم علی زیدان کو بھی اغوا کر لیا گیا تھا، تاہم چند گھنٹوں کے بعد وزیراعظم کو چھوڑ دیا گیا تھا ۔ اب منگل کی صبح اردنی سفیر کو اغوا کیا گیا ہے۔ اغوا کار دو عام گاڑیوں پر سوار تھے، اس کارروائی میں زخمی ہونے والے سفیر کے ڈرائیور کو ہسپتال میں داخل کر دیا گیا ہے۔

دوسری طرف اردنی حکومت نے بھی اس واقعے کی تصدیق کر دی ہے۔ اردن کے ترجمان وزارت خارجہ صباح رفیع کے مطابق اغوا کے حوالے سے تحقیقات جاری ہیں۔ واضح رہے لیبیا کے عبوری وزیر اعظم عبداللہ الثانی نے صرف دو روز قبل اپنے منصب سے استعفا دیا ہے۔ وزیر اعظم کے اہل خانہ تین دن پہلے باغیوں کےایک حملے کا نشانہ بنے تھے۔