شامی خاتون اول کے قریبی عزیز کو ایک سال قید کی سزا

طریف الاخرس پر برطانوی کمپنی کے 26 ملین ڈالر روکنے کا الزام

پہلی اشاعت: آخری اپ ڈیٹ:
مطالعہ موڈ چلائیں
100% Font Size
3 منٹس read

برطانیہ کی ایک عدالت نے شام کے حکمراں خاندان کے مقرب خاص اور خاتون اول اسماء الاسد کے قریبی عزیز طریف الاخرس کو اس کی عدم موجودگی میں توہین عدالت کے الزام میں ایک سال جیل بھجوانے کا حکم دیا ہے۔

طریف پر الزام تھا کہ اس نے سنہ 2011ء میں ارشیر ڈانیلز میڈ لینڈ نامی فرم کے ساتھ خوراک کی سپلائی سے متعلق معاہدے کی خلاف ورزی کرتے ہوئے کمپنی کے واجب الاداء چھبیس ملین ڈالر روک لیے تھے اور اس ضمن میں عدالتی حکم کو نظر انداز کر دیا تھا۔

برطانوی خبر رساں ایجنسی"رائیٹرز" کے مطابق ارشلر ڈانیلز کے وکلاء کا کہنا ہے کہ کمپنی اور بشار الاسد کی اہلیہ کے قریبی عزیز تاجر طریف کے ساتھ سنہ 2011ء میں اس وقت تعلقات منطقع ہو گئے تھے جب طریف الاخرس نے کمپنی سے مکئی اور سویا بین کی بھاری مقدار شام منگوائی لیکن اس کے بدلے میں 26 ملین ڈالر کی رقم ادا نہیں کی تھی۔ برطانوی فرم اور طریف گروپ کے درمیان معاہدے کے تحت مکئی اور مٹر کی بھاری مقدار دو بحری جہازوں پر شام کی طرطوس بندرگاہ پر پہنچا دی گئی تھی لیکن شامی تاجر نے اس کی رقم ادا نہیں کی۔

کمپنی کے ایک وکیل کریسٹوفر سوارٹ نے کہا کہ ہم نے لندن کی ایک عدالت سے طریف کے خلاف گیارہ اپریل کو فیصلہ لے لیا ہے۔ اس کے بعد ہم مزید اقدامات بھی کر رہے ہیں۔

خیال رہے کہ طریف گروپ اور برطانوی تجارتی فرم کے درمیان یہ معاہدہ اس وقت ہوا تھا جب ابھی یورپی یونین اور سوئیٹزرلینڈ نے شام کے خلاف اقتصادی پابندیوں کا اعلان نہیں کیا تھا۔

گذشتہ اکتوبر میں ہولمن فنویک ویلن کمپنی کے وکلاء نے طریف الاخرس کے دنیا بھر میں اثاثے منجمد کرنے کا فیصلہ لینے میں کامیابی حاصل کر لی تھی۔ امریکا اور یورپی یونین کی جانب سے شام کے حکمراں خاندان اور طریف الاخرس سے متعلقہ تین بڑی فرموں الفجر اور طریف الاخرس گروپ کے عالمی ٹریڈ مارکیٹ میں حصص بھی منجمد کر دیے تھے۔

طریف الاخرس ان دنوں لبنان کے صدر مقام بیروت میں مقیم ہیں۔ وہ شام میں بنیادی استعمال کی اشیاء کی ایک بڑی کمپنی کے مالک سمجھے جاتے ہیں۔ حال ہی میں انہوں نے اپنی کمپنی کے ذمہ واجب الاداء دو ملین ڈالر کا قرض بھی واپس کیا ہے۔ تاہم عالمی اقتصادی پابندی کے باعث ان کا کاروبار بھی مندی کا شکار ہے۔

مقبول خبریں اہم خبریں

مقبول خبریں