.

مصر: متنازعہ بیلی ڈانسر اور گلوکارہ سما المصری گرفتار

بغیر لائسنس ٹیلی ویژن چینل چلانے کے الزام میں چار روز کے لیے زیر حراست

پہلی اشاعت: آخری اپ ڈیٹ:

مصر کے پراسیکیوٹرز نے متنازعہ بیلی ڈانسر اور گلوکارہ سماالمصری کو بغیر لائسنس ٹیلی ویژن چینل چلانے کے الزام میں گرفتار کر لیا ہے۔

سما المصری ''فلول'' نامی ٹیلی ویژن کی مالکہ ہیں اور یہ تین ماہ تک کسی لائسنس کے بغیر نشریات پیش کرتا رہا تھا۔اس چینل کے لیے پروگرام قاہرہ میں واقع ایک اپارٹمنٹ میں ریکارڈ کیے جاتے تھے اور اس کے بعد انھیں اردن سے نشر کیا جاتا تھا۔

العربیہ نیوز چینل کی رپورٹ کے مطابق پولیس نے اس اپارٹمنٹ پر چھاپہ مار کر غیر لائسنس ٹرانسمیٹرز کو ضبط کر لیا ہے اور سماء المصری کو چار روز کے لیے تحقیقات کی غرض سے حراست میں لے لیا ہے۔

نیم عریاں لباس پہن کر بیلی ڈانس کرنے والی سماء المصری خود کو حسنی مبارک کی باقیات میں سے قراردیتی ہیں اور انھوں نے مبینہ طور پر اخوان المسلمون کے کارکنان کے خلاف اس ٹی وی چینل کو شروع کیا تھا۔اس کے پروگراموں میں برطرف صدر ڈاکٹر محمد مرسی اور اخوان کے کارکنان کا مضحکہ اڑایا جاتا رہا ہے۔

انھوں نے حال ہی میں ایک ممکنہ صدارتی امیدوار اور وکیل مرتضیٰ منصور کا بھی ایک پروگرام میں مضحکہ اڑایا تھا جس پر انھوں نے بیلی ڈانسر کے خلاف اٹارنی جنرل کے ہاں درخواست دائر کردی تھی۔تاہم مرتضیٰ منصور فیلڈ مارشل عبدالفتاح السیسی کے مقابلے میں صدارتی انتخابات میں حصہ لینے کے لیے میدان میں نہیں اترے ہیں۔