.

مصر: تین بم حملوں میں چار افراد جاں بحق

قاہرہ اور جزیرہ نما سینا میں بم دھماکوں میں ایک پولیس اہلکار اور ایک فوجی کی ہلاکت

پہلی اشاعت: آخری اپ ڈیٹ:

مصر میں جمعہ کے روز دو الگ مقامات پر تین بم حملوں میں دو سکیورٹی اہلکار سمیت چار افراد جاں بحق اور بارہ زخمی ہو گئے ہیں۔ سیکورٹی اہلکاروں کی ہلاکت کا ایک واقعہ دارالحکومت قاہرہ اور دوسرا واقعہ جزیرہ نما سینا میں یش آیا ہے۔

تفصیلات کے مطابق قاہرہ کے ضلع ہیلیوپولس میں بم سے حملہ کیا گیا، جس کے نتیجے میں ایک پولیس اہلکار ہلاک اور ایک زخمی ہو گیا۔ سکیورٹی حکام کے مطابق یہ واقعہ جنوبی سینا کے علاقے میں ایک مبینہ خود کش بمبار کے فوج کے ایک چیک پوائنٹ پر بم حملے کے بعد پیش آیا ہے۔

سکیورٹی حکام کے مطابق جمعہ کو صبح کے وقت جزیرہ نما سینا کے علاقے الطور میں بم حملے میں ایک فوجی ہلاک اور پانچ زخمی ہو گئے۔ اس واقعے کے بعد اسی علاقےمیں ایک خودکش بمبار نے ایک سڑک پر آ کر خود کو ایک بس کے سامنے دھماکے سے اڑا دیا جس کے نتیجے میں بس میں سوار چار مسافر زخمی ہو گئے اور خود کش حملہ آور کے جسمانی اعضاء ادھر ادھر بکھر گئے۔

واضح رہے کہ مصر کے پہلے منتخب صدر محمد مرسی کی حکومت کی گذشتہ سال جولائی میں جبری برطرفی کے بعد سے جزیرہ نما سینا میں دہشت گردی کے واقعات میں نمایاں اضافہ ہوا ہے اور دارالحکومت قاہرہ میں بھی متعدد بم دھماکے ہو چکے ہیں جن میں بیسیوں پولیس اہلکار اور فوجی مارے جاچکے ہیں۔