.

امریکا:شامی مہاجرین کے لیے مزید 29 کروڑ ڈالرز کی امداد

پہلی اشاعت: آخری اپ ڈیٹ:

امریکی وزیرخارجہ جان کیری نے شامی مہاجرین کے لیے مزید انتیس کروڑ ڈالرز کی امداد دینے کا اعلان کیا ہے۔یہ امدادی رقم اقوام متحدہ کے اداروں کے ذریعے شامی مہاجرین میں تقسیم کی جائے گی۔

جان کیری نے بدھ کو یہ اعلان لبنان کے دورے کے موقع پر کیا ہے۔گذشتہ پانچ سال میں کسی امریکی وزیرخارجہ کا لبنان کا یہ پہلا دورہ ہے۔انھوں نے بیروت میں لبنانی وزیراعظم تمام سلام اور پارلیمان کےاسپیکر نبیہ بری سے ملاقات کی ہے اور ان سے شام کی صورت حال ،شامی مہاجرین کے مسئلے اور لبنان میں نئے صدر کے عدم انتخاب سے پیدا ہونے والے بحران پر تبادلہ خیال کیا ہے۔

انھوں نے ایک اخباری انٹرویو میں کہا کہ ''لبنان میں جاری سیاسی بحران بہت ہی پریشان کن ہے۔اس لیے ضرورت اس امر کی ہے کہ نئے صدر کا جلد سے جلد انتخاب کیا جائے''۔ جان کیری کے ساتھ دورے پر آئے ہوئے ایک امریکی عہدے دار نے کہا کہ ان کا ملک کسی خاص امیدوار کی حمایت تو نہیں کرتا ہے لیکن وہ نئے صدر کا جلد انتخاب چاہتا ہے۔

واضح رہے کہ لبنان کی کل آبادی پینتالیس لاکھ نفوس پر مشتمل ہے۔پڑوسی ملک شام میں جاری خانہ جنگی کی وجہ سے اس کو دس لاکھ سے زیادہ مہاجرین کا بوجھ برداشت کرنا پڑرہا ہے۔گذشتہ کئی عشروں سے شام میں آباد فلسطینی مہاجرین ان کے علاوہ ہیں۔وہ انھیں رہائش ،خوراک اور طبی سہولتیں مہیا کرنے کا ذمے دار ہے۔