.

امیر قطر کی السیسی کو منصب صدارت سنبھالنے پر مبارک باد

پہلی اشاعت: آخری اپ ڈیٹ:

خلیجی ریاست قطر نے مصر کے منتخب صدر عبدالفتاح السیسی کو اپنے منصب کا حلف اٹھانے پر مبارک باد پیش کی ہے۔

قطر کی سرکاری خبررساں ایجنسی کیو این اے کی رپورٹ کے مطابق امیر شیخ تمیم بن حمد آل ثانی نے عبدالفتاح السیسی کو صدارت کی حلف برداری اور منصب سنبھالنے پر مبارک باد کا پیغام بھیجا ہے۔

عبدالفتاح السیسی نے آج اتوار کو قاہرہ کے نواح میں واقع دستوری عدالت عظمیٰ میں مصر کے منتخب صدر کی حیثیت سے حلف اٹھایا ہے۔اس کے بعد وہ صدارتی محل پہنچے جہاں انھوں نے تقریر کی ہے اور انھیں باضابط طور پر عرب دنیا کے سب سے زیادہ آبادی ملک کا اقتدار سونپ دیا گیا ہے۔

قطر نیوز ایجنسی نے مزید بتایا ہے کہ وزیر اعظم اور وزیر داخلہ شیخ عبداللہ بن نصر بن خلیفہ آل ثانی نے بھی مصرکے نئے صدر کو منصب سنبھالنے پر مبارک باد دی ہے۔

واضح رہے کہ قطر نے جولائی 2013ء میں مصری فوج کے سابق سربراہ (اور اب منتخب صدر)عبدالفتاح السیسی کے ہاتھوں اخوان المسلمون سے تعلق رکھنے والے صدر ڈاکٹر محمد مرسی کی برطرفی کی حمایت نہیں کی تھی جس کی وجہ سے دونوں ممالک کے درمیان تعلقات کشیدہ ہوگئے تھے لیکن اس کے بعد وقت گزرنے کے ساتھ دونوں ممالک کے تعلقات میں بہتری آئی ہے۔

قطر نے مصر میں اخوان المسلمون کے کارکنان اور لیڈروں کے خلاف انتقامی کارروائیوں کے بعد وہاں سے بھاگ کر آنے والوں کو اپنے ہاں پناہ دی تھی جبکہ مصر کی عبوری حکومت نے اس کے بہ قول قطر سے اپنے ان ''بھگوڑوں'' کو حوالے کرنے کا مطالبہ کیا تھا۔قطر کی جانب سے ایسا کرنے سے انکار کے بعد دونوں ممالک کے درمیان سفارتی سطح پر تعلقات منقطع ہوگئے تھے لیکن دھیرے دھیرے دونوں طرف سے برف پگھلی ہے اور قطر نے خلیجی عرب ریاستوں میں سب سے پہلے عبدالفتاح السیسی کو منصب صدارت سنبھالنے پر مبارک باد کا پیغام بھِیجا ہے۔