.

حسنی مبارک جیل اسپتال میں گر کر زخمی

پہلی اشاعت: آخری اپ ڈیٹ:

مصر کے معزول صدر حسنی مبارک قاہرہ میں المعادی ملٹری اسپتال میں اپنے کمرے میں پاؤں پھسلنے سے گر کر زخمی ہو گئے ہیں۔

العربیہ ڈاٹ نیٹ کے مطابق سابق صدر کے مقرب ذرائع سے اطلاع ملی ہے کہ گرنے سے سابق صدر کی ران کی ہڈی ٹوٹ گئی ہے۔ جس کے بعد ڈاکٹروں کی خصوصی ٹیم ان کی دیکھ بحال کر رہی ہے۔

خیال رہے کہ حسنی مبارک اپنے فرزندان جمال اور علاء مبارک، سابق وزیر داخلہ حبیب العادلی اور چھ دیگر مقربین کے ہمراہ 25 جنوری 2011ء کو مظاہرین کے قتل سمیت کئی دوسرے مقدمات کے تحت زیر حراست ہیں۔ حسنی مبارک کو خرابی صحت کی بناء پر کئی ماہ قبل المعادی ملٹری اسپتال منتقل کیا گیا تھا۔

گذشتہ ہفتے مقدمہ کی سماعت کے دوران سابق صدر کو ہیلی کاپٹر کے ذریعے عدالت لایا گیا تھا۔ کمرہ عدالت سے جاری ہونے والی تصاویر میں انہیں روتے دکھایا گیا تھا۔