.

مسجد حرام: 72 زبانوں میں قرآنی تراجم دستیاب ہوں گے

سکیورٹی انتظامات مکمل، شیخ السدیس بھی تراویح پڑھائیں گے

پہلی اشاعت: آخری اپ ڈیٹ:

مملکت سعودیہ نے رمضان المبارک سے پہلے مسجد حرام میں تلاوت قرآن کے حوالے سے کی گئی تیاریوں کو حتمی شکل دینا شروع کر دی ہے۔

مسجد حرام میں دنیا بھر سے آنے والے مسلمانوں کے لیے 72 مختلف زبانوں میں قرآن پاک کے تراجم فراہم کیے گئے ہیں۔ علاوہ ازیں سمارٹ فون کے ذریعے قرآن پاک ڈاون لوڈ کرنے کی بھی سہولت دی گئی ہے۔

مسجد حرام کے ایک سینئیر ذمہ دار علی حامد النجفی نے بتایا '' ہم نے سٹیٹ آف آرٹ ٹیکنالوجی کے اہتمام کے ذریعے مسجد میں موجود افراد کو سمارٹ فون میں قرآن پاک اپ لوڈ کرنے کی سہولت دی ہے۔ یہ سہولت کسی ایک زبان میں اپ لوڈ کرنے کی نہیں ہے بلکہ دنیا کی 72 اہم زبانوں میں ہے۔ ''

اسی طرح ترجمے پر مبنی'' وائس اوور'' کے ساتھ بھی قرآن مجید ڈاون لوڈ کرنے کی سہولت دستیاب ہو گی۔ علی حامد النجفی کے مطابق'' ان زبانوں میں سنہالی، تلگو، صومالی اور چینی زبان کے تراجم بھی شامل ہیں۔''

دریں اثناء مسجد حرام میں قرآن پاک رکھنے کے لیے موجود شیلفوں کی تعداد دوگنا کر دی گئی ہے۔ اب بیت اللہ میں رکھے چار ہزار شیلفوں میں قرآن پاک کے 950000 نسخے موجود ہوں گے۔

نماز تراویح اور نماز تہجد کی ادائیگی کے لیے چھ امام حضرات کو ذمہ داری تفویض کی گئی ہے۔ ان چھ امام حضرات میں جناب عبدالرحمان السدیس، سعود الشوریم، عبداللہ الجوہانی، ماہر المعاقلی، خالد الغامدی اور بندر بلیلہ شامل ہیں۔

خصوصی حفاظتی انتظامات بھی کر لیے گئے ہیں۔ اس مقصد کےلیے 2000 کیمرے بھی نصب کیے گئے ہیں۔ مکہ کے ریجنل پولیس سربراہ میجر جنرل عبدالعزیز السولی کا کہنا ہے کہ مسجد حرام میں آنے والے ہر فرد کی حفاظت یقینی بنائی جائے گی۔