.

دہشت گردوں کے ناپاک عزائم ناکام بنائیں گے: شاہ عبداللہ

ماہ رمضان کی آمد پر خادم الحرمین الشریفین کا خصوصی پیغام

پہلی اشاعت: آخری اپ ڈیٹ:

سعودی عرب کے فرمانروا شاہ عبداللہ بن عبدالعزیز نے ایک مرتبہ پھر کہا ہے کہ وطن عزیز کے دفاع کے لیے کوئی دقیقہ فروگزاشت نہیں کیا جائے گا اور دہشت گردوں کے ناپاک عزائم ہر صورت میں ناکام ہوں گے۔ "کچھ جاھلوں نے دین، دہشت گردی اور اصلاح معاشرہ کو آپس میں خلط ملط کر دیا ہے اور وہ مذہب کی اپنی مخصوص تعبیر پیش کر کے معاشرے میں شر اور فساد میں مزید اضافہ کر رہے ہیں۔"

خادم الحرمین الشریفین نے ان خیالات کا اظہار رمضان المبارک کی مناسبت سے قوم کے نام خصوصی پیغام میں کیا۔ انہوں نے کہا کہ دین اتحاد، بھائی چارے، میل جول اور احسن طریقے سے دعوت پیش کرنے کا نام ہے، لیکن ہم دیکھ رہے ہیں کہ دین کے نام پر کچھ نو سربازوں نے اصلاح اور دہشت گردی کو آپس میں خلط ملط کر دیا ہے۔ انہیں اندازہ نہیں کہ وہ معاشروں کی تباہی اور بربادی کا سامان مہیا کر رہے ہیں اور دین کی روح اور اس کی حقیقت کو فراموش کر چکے ہیں۔

خادم الحرمین الشریفین کا کہنا تھا کہ سعودی عرب دہشت گردی کے خلاف بھرپور جنگ لڑنے کی صلاحیت رکھتا ہے۔ دہشت گردوں کا پوری قوت سے مقابلہ کیا جائے گا اور انہیں وطن عزیز کےخلاف کسی قسم کی سازش کا موقع نہیں دیا جائے گا۔

انہوں نے واضح کیا کہ کوئی اس غلط فہمی میں نہ رہے کہ وہ نام نہاد اصلاح اور تبدیلی کی آڑ میں سعودی عرب میں فساد پیدا کرنے میں کامیاب ہو گا۔ ہم اپنے وطن کی عزت، حرمت اور اس کےدفاع پر کوئی آنچ نہیں آنے دیں گے۔

شاہ عبداللہ نے پورے عالم اسلام بالخصوص سعودی قوم کو ماہ صیام کی آمد پر مبارک باد پیش کی۔ انہوں نے عالم اسلام میں جاری شورش کے خاتمے کے لیے دعا کی اور مسلمانوں سے اپنی صفوں میں اتحاد پیدا کرنے کی ضرورت پر زور دیا۔