مالکی کی فوج سے جنگ آزما قبائل کو معافی کی پیش کش

ہلاکتوں میں ملوث اور خون سے ہاتھ رنگنے والوں کے لیے کوئی معافی نہیں:تقریر

پہلی اشاعت: آخری اپ ڈیٹ:
مطالعہ موڈ چلائیں
100% Font Size
3 منٹس read

عراق کے وزیراعظم نوری المالکی نے اپنی فوج کے ساتھ لڑنے والے مسلح قبائلیوں کو عام معافی کی پیش کش کی ہے لیکن ہلاکتوں میں ملوث اور خون سے ہاتھ رنگنے والوں پر اس عام معافی کا اطلاق نہیں ہوگا۔

نوری المالکی نے بدھ کو ٹیلی ویژن سے نشر کی گئی تقریر میں کہا ہے کہ ''میں ریاست کے خلاف کارروائیوں میں ملوث ان تمام قبائل اور لوگوں کے لیے عام معافی کا اعلان کرتا ہوں جو اب اپنے حواس میں واپس آگئے ہیں لیکن ان میں ہلاکتوں میں ملوث لوگ شامل نہیں ہوں گے''۔

نوری المالکی کی عام معافی کی اس پیش کش کو مسلح قبائل کو اسلامی جنگجوؤں کی حمایت سے دستبردار کرانے کی ایک کوشش قراردیا گیا ہے۔دولت اسلامی عراق وشام (داعش ) سے وابستہ جنگجوؤں نے مسلح قبائل اور سنی مزاحمت کاروں کی حمایت سے بغداد سے مغرب اور شمال میں واقع بہت سے علاقوں پر قبضہ کر لیا ہے۔

عراقی وزیراعظم نے کہا کہ ''وہ نئی حکومت کی تشکیل کی راہ میں حائل رکاوٹوں کو دور کرنے میں کامیاب ہوجائیں گے''۔وہ گذشتہ روز عراق کی نومنتخب پارلیمان میں نئی حکومت کے قیام کے حوالے سے کوئی سمجھوتا طے نہ پانے کا حوالہ دے رہے تھے۔

ان کا کہنا تھا کہ ''کمزوری کی حالت پائی جارہی ہے لیکن اللہ کی مرضی سے ہم تعاون ،سمجھوتے اور کھلے پن کے ذریعے اس پر قابو پالیں گے،افراد کا چناؤ کریں گے اور جمہوری میکانزم کی بنیاد پر سیاسی عمل جاری رہے گا''۔

اہل تشیع کی جماعتیں نومنتخب پارلیمان کے پہلے اجلاس میں نَئے وزیراعظم کے انتخاب میں ناکام رہی ہیں۔ان میں وزیراعظم نوری المالکی کو تیسری مدت کے لیے نامزد کرنے کے حوالے سے تعطل پیدا ہوگیا ہے اور بیشتر جماعتیں ان کو نامزد کرنے کے حق میں نہیں ہیں۔اب پارلیمان کا اجلاس ایک ہفتے کے لیے ملتوی کردیا گیا ہے اور آیندہ منگل کو نومنتخب ارکان دوبارہ اکٹھے ہوں گے۔

اقوام متحدہ ،امریکا ،ایران اور خود عراق کے شیعہ علماء اتحاد قومی اتحاد کی حکومت قائم کرنے پر زوردے رہے ہیں جس میں تمام سیاسی دھڑوں کو نمائندگی دی جائے تاکہ ملک کو مزید افراتفری اور انتشار کا شکار ہونے سے بچایا جاسکے لیکن نوری المالکی اقتدار چھوڑنے کو تیار نہیں اور وہ تیسری مدت کے لیے وزیراعظم بننا چاہتے ہیں۔

مقبول خبریں اہم خبریں

مقبول خبریں