.

بغداد کی آزادی کا وقت قریب آن پہنچا: عزت الدوری

سیاسی کشیدگی پر اقوام متحدہ کا انتباہ

پہلی اشاعت: آخری اپ ڈیٹ:

عراق کے سابق مصلوب صدر صدام حسین کی کالعدم جماعت [بعث] کے سیکرٹری جنرل عزت الدوری نے کہا ہے کہ نوری المالکی کے اقتدار کا سورغ غروب ہونے اور بغداد کی آزادی کا وقت قریب آن پہنچا ہے۔ انہوں نے وزیر اعظم المالکی کا ساتھ دینے کو گناہ قرار دیتے ہوئے ان کے حامیوں سے توبہ کا بھی مطالبہ کیا۔

العربیہ نیوز چینل کے مطابق بعث پارٹی کے سیکرٹری جنرل عزت الدوری کا یہ تازہ صوتی بیان انٹرنیٹ پر پوسٹ کیا گیا اور وہیں سے میڈیا نے اسے اٹھایا ہے۔ عزت الدوری کا کہنا ہے کہ نوری المالکی کے اقتدار کے دن گنے جا چکے ہیں۔ وہ وقت دور نہیں جب پوری قوم المالکی کے مظالم سے نجات حاصل کرے گی۔

ادھر نئی حکومت کی تشکیل کے حوالے سے عراقی پارلیمنٹ کا اجلاس آج اتوار کو دبارہ ہو رہا ہے۔ پہلا اجلاس چند روز قبل منعقد ہوا جس میں نوری المالکی کی جگہ وزارت عظمیٰ کا قلم دان کسی دوسرے رکن پارلیمنٹ کو سونپے جانے پر غور کیا گیا تاہم سیاسی دھڑوں میں پائی جانے والی بے اتفاقی کے باعث اجلاس بے نتیجہ رہا ہوا تھا۔

درایں اثناء کرد اکثریتی صوبہ کردستان کے صدر مسعود بارزانی نے عراق کے اپوزیشن لیڈر ایاد علاوی اوران کی جماعت نیشن الائنس سے مطالبہ کیا ہے کہ وہ سیاسی عمل بالخصوص وزارت عظمیٰ کے حوالے سے اپنے موقف کی وضاحت کریں۔ عراق میں سیاسی کشیدگی کے خاتمے کے لیے اقوام متحدہ نے بھی کوششیں تیز کر دی ہیں۔ اقوام متحدہ کے عراق کے لیے خصوصی مندوب نیکولائے ملادینوف نے خبردار کیا کہ اگر پارلیمنٹ نئی حکومت کی تشکیل میں ناکام رہتی ہے تو ملک بدترین انارکی کا شکار ہو سکتا ہے۔