اہالیان غزہ کے لیے اماراتی امداد پر ھنیہ کا اظہار تشکر

پہلی اشاعت: آخری اپ ڈیٹ:
مطالعہ موڈ چلائیں
100% Font Size
دو منٹ read

متحدہ عرب امارات کی جانب سے غزہ کی پٹی میں اسرائیلی جارحیت کے شکار فلسطینیوں کی مشکلات میں کمی کی خاطر مدد فراہم کرنے پر اسلامی تحریک مزاحمت "حماس"کے سیاسی شعبے کے نائب صدر اور سابق وزیر اعظم اسماعیل ھنیہ نے اماراتی حکومت کا شکریہ ادا کیا ہے۔

یو اے ای کی سرکاری خبر رساں ایجنسی "وام" کے مطابق اسماعیل ھنیہ نے اماراتی وزیر خارجہ الشیخ عبداللہ بن زاید آل نھیان کے نام اپنے ایک مکتوب میں جنگ سے متاثرہ غزہ کے مکینوں کے لیے امداد کی فراہمی پر یو اے ای حکومت اور اماراتی قوم کا شکریہ ادا کیا۔

اسماعیل ھنیہ کا کہنا تھا کہ متحدہ امارات نے مشکل کی ہر گھڑی میں مظلوم فلسطینی عوام کا سہارا بننے کی کوشش کی۔ فلسطینی قوم متحدہ عرب امارات کے مرحوم فرمانروا الشیخ زاید بن سلطان آل نھیان کی خدمات کو کبھی فراموش نہیں کر پائیں گے۔ مرحوم اپنے دور میں خدمت انسانی کے جذبے سے سرشار معاصر حکمرانوں کے لیے ایک بہترین مثال تھے۔ انہوں نے کبھی بھی فلسطینیوں کو تنہا نہیں چھوڑا۔

اسماعیل ھنیہ نے فلسطینی قوم اور متحدہ عرب امارات کے درمیان دوستانہ تعلقات، یکجہتی اور بھائی چارے کو فروغ دینے کی ضرورت پر بھی زور دیا۔ ان کا کہنا تھا کہ غزہ کی پٹی میں اسرائیلی جارحیت کے موقع پر عرب اقوام نے مظلوم فلسطینیوں سے جس طرح یکجہتی کا مظاہرہ کیا ہے اس نے فلسطینی عوام کے سر فخر سے بلند کر دیے ہیں۔

مقبول خبریں اہم خبریں

مقبول خبریں