.

سعودی گیمز کے نشریاتی حقوق ایم بی سی کے نام

معاہدے پر باضابطہ دستخط سات اگست کو متوقع، کمنٹیٹرز ہائر کر لیے

پہلی اشاعت: آخری اپ ڈیٹ:

معروف عالمی ابلاغی ادارے ایم بی سی نے سعودی عرب میں پروفیشنل فٹ بال لیگ اور کنگ کپ کے لیے ہونے والے میچوں کے نشریاتی حقوق حاصل کر لیے ہیں۔

ایم بی سی کو یہ حقوق اگلے دس برس تک حاصل رہیں گے۔ یہ حقوق ایم بی سی نے مجموعی طور ایک ارب 93 کروڑ ڈالر کے عوض حاصل کیے ہیں۔

سعودی فٹ بال فیڈریشن نے اس سلسلے میں ایک بیان جاری کیا ہے ۔ جس میں بتایا گیا ہے کہ ایم بی سی اور اس کے شراکت دار الریاض چینل نے پروفیشنل فٹبال لیگ کے میچ نشر کرنے کے حقوق حاصل کر لیے ہیں۔

اس جاری کردہ بیان میں کہا گیا ہے یہ حقوق خریدنے کے لیے مختلف اداروں کی تجاویز آئیں تاہم ان میں سے بہترین پیش کش کو قبول کر لیا گیا۔

اس فیصلے کی روشنی میں سعودی پروفیشنل فٹبال گیمز، کنگز کپ، کراون پرنس کپ اور سپر کپ کے سلسلے میں ہونے والے تمام میچ ایم بی سی دکھائے گا۔

جبکہ سعودی لیگ فرسٹ ڈویژن، پرنس فیصل بن فہدکپ، یوتھ لیگ یو 20 اور ینگسٹر لیگ 17 کے سلسلے کے میچ الریاض چینل پر دکھائے جائیں گے۔ اس بارے میں ایم بی سی اور الریاض چینل کے ساتھ باضابطہ معاہدے پر دستخط سات اگست کو ہوں گے۔

بیان کے مطابق حاصل ہونے والی رقوم کلبوں کے درمیان مختلف معاہدات کے تحت تقسیم کر دی جائیں گی۔ ایک اور اطلاع کے مطابق ایم بی سی نے سعودی کمنٹیٹر جعفر الصلیح اور اماراتی کمنٹیٹرز عامر عبداللہ وغیرہ کی خدمات حاصل کر لی ہیں۔