.

"داعش بشار اور شامی فوج کی ڈھال بن چکی ہے"

انقلاب فرنٹ ملک کو داعش سے نجات دلا کر دم لے گی: جمال

پہلی اشاعت: آخری اپ ڈیٹ:

شامی انقلاب فرنٹ کے کمانڈر جمال معروف نے کہا نے کہا ہے کہ ان کی تنظیم نے حلب شہر میں انتہا پسند تنظیم داعش کی سرکوبی کے لیے آپریشن کا آغاز کر دیا ہے۔

انہوں نے بتایا کہ انقلاب فرنٹ کے جنگجو شام کے شمالی اور جنوبی علاقوں میں سرگرم ہیں۔ انہوں نے دعوی کیا کہ شہداء شام کے نام سے میدان میں سرگرم بٹالین اور بریگیڈیز کا تعلق شامی انقلاب فرنٹ سے ہی ہے۔ محاذ کی یہ ذیلی تنظمیں ان حلب کے نواح میں داعش کی سرکوبی میں مصروف ہیں جہاں اپنا مشن مکمل کرنے کے بعد یہ جنگجو الرقہ اور ان تمام علاقوں کی جانب پیش قدمی کریں گے جو داعش نے کسی نہ کسی طرح اپنے زیر نگیں کر رکھے ہیں۔

'العربیہ' پر اپنے ایک نشری خطاب میں جمال معروف کا کہنا تھا کہ داعش کے نام نہاد خلیفہ البغدادی اینڈ کمپنی ظلم و تعدی کی تمام ممکنہ حدود پار کر گئے ہیں۔ انہوں نے زمین میں فساد بپا کر رکھا ہے اور اب انہوں نے معاملات کے مذاکرات کے ذریعے حل کی تمام کوششوں کے دروازے بند کر دیئے ہیں۔

جمال معروف کے بقول داعش اس وقت بشار الاسد اور اس کی فوج کی ڈھال کے طور پر کام کر رہی ہے۔ اس تنظیم نے شامی عوامی انقلاب کی منزل کھوٹی کرنے کی ہر ممکن مدد کی ہے۔ انہوں نے عصمتوں کی پامالی سے لیکر زمین ہتھیانے تک جیسے قبیح فعل سرانجام دیے ہیں جس سے اسلام کا چہرہ داغ دار ہو چکا ہے۔ کوئی ایسی برائی ہو گی جو کہ نام نہاد خلافت کے دعوے داروں نے ابتک سرانجام نہ دی ہو۔

انقلاب محاذ کے سربراہ نے کہا کہ اب وقت آ گیا ہے کہ اس تنظیم کو اپنے کرتوتوں کا مزا چکھا دیا جائے۔ انہوں نے خبردار کیا کہ اس مقصد کے لیے داعش کو شامی سرزمین پر مدد فراہم کرنے والوں کے لیے عرصہ حیات تنگ کر دیا جائے گا۔ ہم نے بشار الاسد اور اس کے تمام حامیوں سے کھلی جنگ کا اعلان کر دیا ہے۔ اس لیے ہم داعش جیسی بشار الاسد نواز انتہا پسند تنظیم کو اپنی سرزمین پر مزید کھل کھیلنے کا موقع نہیں دیں گے۔