.

حمد بن جاسم اقوام متحدہ کے نئے سیکرٹری جنرل ؟

پہلی اشاعت: آخری اپ ڈیٹ:

خلیجی ریاست قطر کے سبکدوش وزیر اعظم و سابق وزیر خارجہ حمد بن جاسم کی نظریں اقوام متحدہ کے سیکرٹری جنرل کے عہدے پر مرکوز ہیں اور عین ممکن ہے کہ اُنھیں عالمی ادارے میں یہ اہم منصب مل بھی جائے کیونکہ امیر قطر الشیخ تمیم بن حمد آل ثانی خود بن جاسم کو "یو این" سیکرٹری جنرل بنانے کے لیے بھرپور کوششیں کر رہے ہیں۔

العربیہ ڈاٹ نیٹ کے مطابق حال ہی میں امیر قطر نے سابق وزیر اعظم حمد بن جاسم کو تجویز دی ہے کہ وہ اقوام متحدہ کےسیکرٹری جنرل کے عہدے کے لیے پر زور اور موثر مہم شروع کریں۔

بعض ذرائع کا کہنا ہے کہ الشیخ حمد بن جاسم کو وزارت عظمیٰ کے عہدے سے پچھلے برس اسی لیے ہٹایا گیا تھا تاکہ انھیں اقوام متحدہ میں اہم ترین عہدے پر فائز کرانے کے لیے مہم چلانے کا موقع فراہم کیا جا سکے۔میڈیا رپورٹس کے مطابق امیر قطر اب حمد بن جاسم جیسی "مضبوط شخصیت" کو اقوام متحدہ کا سربراہ بنوانے کے لیے کوشاں ہیں اور ان کی نظریں اس عہدے پر جمی ہوئی ہیں۔

خیال رہے کہ قطر نے سنہ 2006ء میں جنوبی کوریا کے ساتھ مل کر اس وقت کے کوریائی وزیر خارجہ بین کی مون کو اقوام متحدہ کا سیکرٹری جنرل منتخب کرانے کی مہم میں اہم کردار ادا کیا تھا۔ عالمی سطح پر دوحہ کو اس منصب کے اہل ممالک میں سے شمار کیا جا رہا ہے جو جنوبی کوریا کی جگہ اقوام متحدہ کے اعلیٰ ترین عہدے کے حصول کی دوڑ میں شامل ہیں۔