.

داعش کی کوبانی میں بغیر پائلٹ ڈرون طیاروں سے نگرانی

پہلی اشاعت: آخری اپ ڈیٹ:

شدت پسند تنظیم دولت اسلامی"داعش" نے تُرکی کی سرحد سے متصل شام کے کرد اکثریتی علاقے کوبانی میں امریکا اور اس کے اتحادیوں کے حملوں کا بھرپور جواب دینے کے ساتھ بغیر پائلٹ کے ڈرون طیاروں کی مدد سے شہر کی نگرانی بھی شروع کر دی ہے۔ یہ اس بات کا ثبوت ہے کہ دولت اسلامی نے بغیر پائلٹ کے جاسوس طیارے بھی حاصل کر لیے ہیں۔

العربیہ ڈاٹ نیٹ کے مطابق "داعش" کی جانب سے ایک ویڈیو فوٹیج جاری کی گئی ہے جس میں ویڈیو کیمرے کی مدد سے ڈرون طیارے کی دوران پرواز فوٹیج بھی جاری کی گئی ہے۔ فوٹیج میں کوبانی میں جاری لڑائی کے مناظر بھی دکھائے گئے ہیں۔

رپورٹ کے مطابق "داعش" کے جنگجوؤں نے کوبانی کا عرب نام 'عین العرب' تبدیل کر کے"عین الاسلام" رکھا ہے اور ساڑھے پانچ منٹ کی فوٹیج کو "عین الاسلام کا اندرونی" منظر عنوان دیا گیا ہے۔

ویڈیو فوٹیج میں زور دار دھماکوں کی آوازیں بھی سنائی دے رہی ہیں۔ شہر میں امریکا اور اس کے اتحادیوں کے فضائی حملوں میں ہونے والی تباہی کے مناظر بھی دکھائے گئے ہیں۔ اس کے علاوہ اس ویڈیو فوٹیج میں جون کانٹلی نامی ایک یرغمالی کو بھی دکھایا گیا ہے۔