.

عرب لیگ کا مصر اور قطر کی مصالحت پر خیر مقدم

پہلی اشاعت: آخری اپ ڈیٹ:

عرب لیگ کے جنرل سیکرٹری ڈاکٹر نبیل العربی نے قطر اور مصر کے درمیان سعودی عرب فرمانروا شاہ عبداللہ بن عبدالعزیز کی کوششوں سے ہونے والی صلح کا خیر مقدم کرتے ہوئے کہا ہے کہ دونوں ملکوں کے درمیان مفاہمت سے باہمی ترقی اور خوشگوار تعلقات کے ایک نئے دور کا آغاز ہو گا۔

ڈاکٹر نبیل العربی نے اپنے ایک بیان میں دونوں عرب ملکوں کے درمیان ناراضی دور کرانے میں خادم الحرمین الشریفین کے مفاہمتی کردار کی بھی تحسین کی۔

انہوں نے کہا کہ عرب لیگ کے منشور کے آرٹیکل آٹھ میں بھی تنظیم کے رکن ممالک کے درمیان روابط اور تعاون کو مضبوط بنانےکی ضرورت پر زور دیا گیا ہے۔ انہوں نے امید ظاہر کی کہ قطر اور مصر کی قیادت مفاہمتی معاہدے کے نفاذ کے لیے تمام شعبوں میں عملی اقدامات بھی کریں گے۔

خیال رہے کہ سعودی فرمانروا شاہ عبداللہ بن عبدالعزیز کی خصوصی کوششوں سے قطر اور مصر کے درمیان دو روز قبل ایک صلح نامہ طے پایا ہے۔ عرب ممالک کی جانب سے شاہ عبداللہ کی ثالثی کے تحت دونوں ملکوں کے درمیان مصالحت کو خوش آئند قرار دیا جا رہا ہے۔