.

چاقو حملے میں دو اسرائیلی پولیس اہلکار زخمی

پہلی اشاعت: آخری اپ ڈیٹ:

اسرائیلی پولیس کی ایک خاتون ترجمان کا کہنا ہے کہ مقبوضہ القدس کے قدیم حصے میں ایک فلسطینی کے چاقو حملے میں دو صہیونی اہلکار زخمی ہو گئے ہیں۔

ترجمان کے مطابق چاقو حملے میں ایک اسرائیلی سپاہی کو گردن اور دوسرے کو ہاتھ پر زخم آئے ہیں جبکہ حملہ آور فلسطینی جائے وقوعہ سے فرار ہونے میں کامیاب ہو گیا ہے۔

سوشل میڈیا پر سرگرم نوجوانوں نے چاقو گھونپنے کی کارروائی پر مبنی ویڈیو انٹرنیٹ پر پوسٹ کی ہے، جسے لوگوں کی بہت بڑی تعداد دیکھ چکی ہے۔ یہ واقعہ مقبوضہ مشرقی القدس کے علاقے باب الاسباط میں پیش آیا ہے۔

یاد رہے اسرائیل نے 1967ء میں بیت القدس پر قبضہ کر کے اسے اپنی ریاست میں ضم کر لیا تھا۔ اس اقدام کو بین الاقوامی برادری تسلیم نہیں کرتی ہے اور مقبوضہ عرب علاقوں میں اسرائیلی یہودی بستیوں کو عالمی قوانین کی خلاف ورزی شمار کرتی ہے۔