.

داعش کے میگزین میں گرفتار اردنی پائیلٹ کا انٹرویو

ایف 16 طیارے کو میزائل سے داغے جانے کے حق میں بیان

پہلی اشاعت: آخری اپ ڈیٹ:

عراق اور شام میں برسرپیکار سخت گیر جنگجو گروپ دولت اسلامی (داعش) نے اردن کے گرفتار پائیلٹ کا مبینہ انٹرویو شائع کیا ہے۔داعش نے اس پائیلٹ کو گذشتہ ہفتے شام میں اس کا طیارہ گر کر تباہ ہونے کے بعد گرفتار کرلیا تھا۔

اس انٹرویو میں پائیلٹ معاذ الکساسبہ نے مبینہ طور پر کہا ہے کہ اس کے ایف سولہ طیارے کو حدت پیدا کرنے والا ایک میزائل لگا تھا۔یوں اس نے داعش کے اس مؤقف کی تصدیق کردی ہے کہ اس نے اردن کے اس لڑاکا طیارے کو دوران پرواز مار گرایا تھا لیکن امریکا اور اردن دونوں اس دعوے کو مسترد کرچکے ہیں۔

یہ مبینہ انٹرویو داعش کے آن لائن انگریزی میگزین دابق نے سوموار کو شائع کیا ہے اور اس کے ساتھ فرسٹ لیفیٹیننٹ معاذ الکساسبہ کی تصاویر بھی شائع کی گئی ہیں۔اس انٹرویو میں پائیلٹ نے شام میں امریکا اور اس کے اتحادی ممالک کے درمیان داعش کے خلاف فضائی حملوں کے لیے رابطہ کاری کے حوالے سے اظہار خیال کیا ہے۔اس کا کہنا ہے کہ ''بطور پائیلٹ اس کا کردار طیارہ شکن میزائلوں کو تباہ کرنا اور حملے کرنے والے طیارے کو کور مہیا کرنا تھا''۔

اردن کی شاہی فوج نے گذشتہ ہفتے داعش کے اس دعوے کو مسترد کردیا تھا کہ اس نے ایف 16 طیارے کو دوران پرواز مار گرایا تھا۔اردن کے ایک فوجی عہدے دار کا کہنا تھا کہ ''شام کے شہر الرقہ کے علاقے میں بظاہر داعش کے فائر کے نتیجے میں اردن کا فوجی طیارہ گر کر تباہ نہیں ہوا ہے۔ چونکہ طیارے کے ملبے تک رسائی نہیں ہوسکی ہے اور نہ پائیلٹ موجود ہے،اس لیے ہم حادثے کے سبب کے بارے میں کچھ بھی نہیں کَہ سکتے ہیں''۔

شام کے شمالی علاقے میں 24 دسمبر کو جہادیوں کے خلاف مشن کے دوران اردن کا یہ ایف 16 لڑاکا طیارہ گر کر تباہ ہوگیا تھا اور داعش کے جنگجوؤں نے اس کے 26 سالہ پائیلٹ لیفٹیننٹ معاذ الكساسبۃ کو گرفتار کر لیا تھا۔اس کے والد نے داعش سے اپنے بیٹے کی جان بخشی کی اپیل کی تھی اور ان سے کہا تھا کہ وہ ان کے بیٹے کے ساتھ مہمان کا برتاؤ کریں۔

امریکا اور اس کے اتحادی ممالک کی شام میں داعش اور دوسرے جہادیوں کے خلاف ستمبر سے جاری فضائی مہم کے دوران کسی طیارے کی تباہی کا یہ پہلا واقعہ تھا۔داعش کے جنگجو اس کو اپنی ایک اہم کامیابی کے طور پر پیش کر رہے ہیں۔اردن سمیت بعض عرب ممالک امریکا کی قیادت میں داعش مخالف اتحاد میں شامل ہیں۔ان عرب ممالک کے لڑاکا طیارے بھی شام میں داعش کے ٹھکانوں پر فضائی حملے کررہے ہیں۔