.

مصر: سیناء میں پرتشدد واقعات، تین خواتین ہلاک

پہلی اشاعت: آخری اپ ڈیٹ:

مصر کے صحرائی علاقے سیناء میں دو مختلف واقعات میں تین خواتین کے مارے جانے کی اطلاعات ہیں۔ سیکیورٹی اور میڈیکل ذرائع کے مطابق دو خواتین ایک گرینیڈ حملے جبکہ تیسری خاتون نامعلوم جنگجوئوں اور سیکیورٹی فورسز کے درمیان فائرنگ کے تبادلے میں ہلاک ہوئی۔

سیکیورٹی ذرائع نے ان حملوں کا الزام بھی مصر کے سب سے سرگرم مسلح گروپ انصار بیت المقدس پر لگایا جس نے اس سے پہلے جمعرات کے روز ہونے والے حملوں کی ذمہ داری قبول کی تھی۔ ان حملوں میں کم از کم 30 مصری سیکیورٹی اہلکار ہلاک ہو گئے تھے۔

انصار بیت المقدس نے شام اور عراق میں دولت اسلامیہ 'داعش' کی بیعت کرنے کے بعد اپنا نام 'سیناء صوبہ' رکھ لیا ہے۔

فلسطینی علاقے غزہ کے ساتھ ملنے والے مصر کے سرحدی علاقے رفح میں مسلح جنگجوئوں نے ایک فوجی چیک پوائنٹ پر گرینیڈ پر حملہ کیا، تاہم نشانہ چوکنے سے گرینیڈ قریب واقع ایک گھر پر جا گرا جس کے نتیجے میں دو خواتین ہلاک ہو گئیں۔

نشانے سے چوکنے والے RPG حملے میں دو خواتین اور دو بچے بھی زخمی ہوئے۔ رفح ہی میں جنگجوئوں اور سیکیورٹی فورسز کے درمیان فائرنگ کے تبادلے میں ایک خاتون گولی لگنے کے نتیجے میں ہلاک ہو گئی۔