.

مشرق وسطیٰ میں طوفان 'یوھان' کی تباہی، نہر سویز بند

پہلی اشاعت: آخری اپ ڈیٹ:

مصر، اسرائیل اور لبنان میں آنے والے شدید طوفان 'یوھان' کی وجہ سے نہر سویز کو بند کردیا گیا ہے اور اسرائیل میں تمام ملکی پروازیں منسوخ کردی گئی ہیں۔

بیروت کے رفیق حریری انٹرنیشنل ائیرپورٹ کے محکمہ موسمیات کا کہنا ہے "بدھ کے روز طوفان کی شدت میں کمی آئی تھی مگر جمعرات کو پھر یہ ایک دفعہ شدت اختیار کرلے گا۔ اس بات کا امکان موجود ہے کہ یہ طوفان ہفتے تک جاری رہے اور جمعہ کی رات سے بارش کی شدت میں کمی آنا شروع ہو جائے گی۔"

بدھ کے روز طوفان نے لبنان کے ساحلی علاقوں پر شدید تباہی پھیلائی جس کی وجہ سے کئی سڑکوں کو بند کرنا پڑا۔

ادھر قاہرہ میں بھی مسلسل دوسرے دن ریت کے طوفان کی وجہ سے شدید مشکلات کا سامنا کرنا پڑا قاہرہ ائیر پورٹ کے ایک عہدیدار کے مطابق کچھ پروازوں کو ملک کے دوسرے ہوائی اڈوں کی جانب بھیج دیا گیا تھا مگر ائیر ٹریفک کی اکثریت معمول کے مطابق جاری رہی۔

مگر قاہرہ کے جنوب مشرق میں واقع نہر سویز کو شدید ہوائوں کی وجہ سے بند کر دیا گیا۔ نہر سویز کے علاقے میں 74 کلومیٹر فی گھنٹہ کی رفتار سے ہوائیں چل رہی تھیں اور نہر کی بندش کی وجہ سے 52 بحری جہاز بحیرہ احمر میں داخل نہیں ہو سکے۔

مصری وزارت صحت نے شہریوں کو ہدایت جاری کی ہے کہ گھروں سے نکلتے وقت چہروں پر ماسک لیں تاکہ انہیں سانس لینے میں دشواری کا سامنا نہ کرنا پڑا۔

ادھر اسرائیل کی اندرون ملک فضائی کمپنی ارکیا نے خراب موسم کے باعث کئی پروازیں منسوخ کر دیں۔