.

قاہرہ : بم دھماکے میں آٹھ پولیس اہلکار زخمی

پہلی اشاعت: آخری اپ ڈیٹ:

مصر کے دارالحکومت قاہرہ کے علاقے عین الشمس میں جمعہ کے روز ایک بم دھماکے کے نتیجے میں ایک شہری اور آٹھ پولیس اہلکار زخمی ہوگئے ہیں۔

مصر کی وزارت داخلہ کی جانب سے جاری کردہ ایک بیان میں بتایا گیا ہے کہ زخمیوں میں ایک پولیس کپتان بھی شامل ہے۔واقعے کے بعد بم اسکواڈ نے علاقے کا محاصرہ کر لیا ہے۔

فوری طور پر کسی گروپ نے اس بم دھماکے کی ذمے داری قبول نہیں کی ہے لیکن مصری سکیورٹی فورسز سے برسرپیکار اسلامی جنگجوؤں پر اس حملے کا الزام عاید کیا گیا ہے۔یہ جنگجو خود کو عراق اور شام کے ایک بڑے حصے پر قابض سخت گیر گروپ داعش سے وابستہ قرار دیتے ہیں۔

صوبہ سیناء کے نام سے اس گروپ کے جنگجو جولائی 2013ء میں مصر کے پہلے منتخب صدر ڈاکٹر محمد مرسی کی مسلح افواج کے سربراہ اور اب موجودہ صدر عبدالفتاح السیسی کے ہاتھوں برطرفی کے بعد سے ملک کے بڑے شہروں اور خاص طور پر جزیرہ نما سیناء میں سکیورٹی فورسز کے اہلکاروں پر بم حملے کررہے ہیں۔

قاہرہ اور دوسرے شہروں میں انھوں نے چھوٹے پیمانے پر دھماکے کیے ہیں لیکن گذشتہ ماہ داعش سے وابستہ اس جنگجو گروپ نے شمالی سیناء کے مختلف شہروں میں پے درپے بم حملے کیے تھے جن کے نتیجے میں تیس سکیورٹی اہلکار مارے گئے تھے۔ایک دن میں مصری سکیورٹی فورسز کے اہلکاروں کی یہ سب سے زیادہ ہلاکتیں تھیں۔