.

عراق: داعش نے الانبار میں امریکی اسلحے پر قبضہ کرلیا

پہلی اشاعت: آخری اپ ڈیٹ:

دولت اسلامیہ عراق وشام [داعش] کے جنگجوئوں نے عراق کے مغربی صوبے الانبار میں عراقی فوج سے بکتر بند گاڑیاں اور امریکی ساختہ اسلحہ چھین لیا ہے۔

انٹرنیٹ پر سامنے آنے والی ایک وڈیو کے مطابق داعش کے جنگجوئوں نے عراقی فوج کی ایک پوسٹ پر حملہ کرنے کے بعد درجنوں ہتھیار قبضے میں لے لئے۔ ان ہتھیاروں میں ایم 16 رائفلیں اور بھاری مشین گنیں شامل ہیں۔

اس وڈیو کی ابھی تک کسی آزاد ذرائع سے تصدیق نہیں ہوسکی ہے۔ اگر یہ وڈیو صحیح ثابت ہوگئی تو یہ پہلا موقع نہ ہوگا جب داعش نے امریکی ساختہ ہتھیاروں پر قبضہ کیا ہے۔

اس سے پہلے پچھلے سال جون کے دوران داعش نے شمالی عراق میں عراقی فوج کے اسلحہ خانوں پر قبضہ کرلیا تھا جو کہ امریکی ساختہ رائفلوں، بھاری ہتھیاروں اور گولیوں سے بھرے ہوئے تھے۔

اس کے علاوہ اکتوبر میں بھی داعش نے کہا تھا کہ شام اور ترکی کی سرحد کے قریب کرد فوج کے لئے پھینکا جانیوالا امریکی اسلحہ اس کے قبضے میں آگیا ہے۔