.

مصر: سیناء میں دو بم دھماکے، 13 اہلکار ہلاک

پہلی اشاعت: آخری اپ ڈیٹ:

مصر کے شورش زدہ علاقے جزیرہ نما سیناء میں اتوار کو جنگجوؤں نے دو مختلف مقامات پر سکیورٹی فورسز پر بم حملے کیے ہیں جن میں تیرہ اہلکار ہلاک اور کم سے کم چالیس زخمی ہوگئے ہیں۔

العربیہ نیوز چینل کی رپورٹ کے مطابق صوبہ شمالی سیناء کے دارالحکومت العریش میں جنگجوؤں نے ایک پولیس اسٹیشن پر کار بم حملہ کیا ہے جس میں چھے فوجی اور ایک شہری ہلاک اور پینتیس افراد زخمی ہوگئے۔زخمیوں میں نئے بھرتی شدہ بیس اہلکار شامل ہیں۔

عینی شاہدین کا کہنا ہے کہ پولیس اسٹیشن کے باہر بم دھماکے کی دور دور تک آواز سنی گئی ہے۔اس سے قبل سیناء کے قصبے شیخ زوید کے نزدیک سڑک کے کنارے نصب بم سے فوج کی ایک گاڑی کو نشانہ بنایا گیا تھا۔اس حملے میں چھے فوجی ہلاک اور دو زخمی ہوگئے ہیں۔

چند روز قبل بھی جنگجوؤں نے صوبائی دارالحکومت العریش سے مشرق میں واقع شیخ زوید کے جنوب میں مصری سکیورٹی فورسز کے چیک پوائنٹس پر راکٹوں اور خود کار ہتھیاروں سے حملے کیے تھے۔ان حملوں کے بعد ان کی فوجیوں کے ساتھ جھڑپ میں دونوں طرف سے تیس ہلاکتیں ہوئی تھیں۔

فوری طور پر کسی گروپ نے ان حملوں کی ذمے داری قبول نہیں کی ہے لیکن ماضی میں سیناء میں مصری سکیورٹی فورسز کے خلاف برسرپیکار داعش سے وابستہ جنگجو گروہ انصار بیت المقدس سکیورٹی فورسز پر حملوں کی ذمے داری قبول کرتا رہا ہے۔

واضح رہے کہ العریش اور سیناء کے دوسرے علاقوں میں جولائی 2013ء میں منتخب صدر محمد مرسی کی برطرفی کے بعد سے جنگجو گروپ سکیورٹی فورسز پر بیسیوں حملے کر چکے ہیں۔ انصار بیت المقدس نے گذشتہ سال کے آخر میں اپنا نام تبدیل کر لیا تھا اوراپنا نیا نام صوبہ سینا رکھ لیا تھا۔سیناء میں سکیورٹی فورسز پر حملوں میں اب تک سیکڑوں اہلکار ہوچکے ہیں۔