.

شام: داعش نے تدمر قلعہ پر جھنڈے لہرا دئیے

پہلی اشاعت: آخری اپ ڈیٹ:

انتہاپسند تنظیم دولت اسلامیہ عراق وشام 'داعش' سے تعلق رکھنے والے جنگجوئوں نے شام میں تاریخی اہمیت کے حامل شہر تدمر کے ایک قدیم قلعے پر اپنے پرچم لہرانے کی تصاویر انٹرنیٹ پر شائع کردی ہیں۔

داعش کے جنگجوئوں نے شامی فوج کے ساتھ کئی دنوں تک جاری جنگ کے بعد تدمر پر قبضہ کیا ہے۔ سوشل میڈیا کی پر جاری کی جانیوالی تصاویر میں سے ایک تصویر پر کیپشن دی گئی تھی کہ "تدمر قلعہ اب خلافت کے قبضے میں ہے۔"

ان تصاویر کی تصدیق کا کوئی غیر جانبدار ذریعہ موجود نہیں ہے۔

شدید تحفظات

اس سے پہلے جمعہ کے روز اقوام متحدہ کی سیکیورٹی کونسل نے تدمر کے داعش کے زیر تسلط چلے جانے کے خدشے میں ہزاروں معصوم شہریوں کے شہر میں پھنس جانے پر تشویش کا اظہار کیا تھا۔

سیکیورٹی کونسل نے شہریوں کو فرار کے لئے محفوظ راستہ فراہم کرنے کا مطالبہ کرتے ہوئے عالمی ورثہ قرار دیئے جانے والے شہر تدمر کی حفاظت سے متعلق بھی شدید تحفظات کا اظہار کیا۔

تدمر کو شام میں صحرا کے موتی کے نام سے جانا جاتا ہے۔ داعش نے اپنے زیر تسلط علاقوں میں تاریخی نوادرات اور قدیم یادگاروں کو تباہ کردیا تھا اور تدمر میں بھی ایسی ہی کارروائیوں کا خدشہ ہے۔